خبرنامہ کشمیر

تحریک حریت کے صدر نے بھوک ہڑتال کر دی

بھارتی فورسز پردستی

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں تحریک حریت کے غیر قانونی طورپر نظربند رہنماء اعجاز احمد بہرو بھارتی پولیس اہلکاروں کے غیر انسانی اورسفاکانہ رویے کیخلاف بھوک ہڑتال پر ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پارٹی کے تحصیل رفیع آبا د کے صدر اعجاز احمد کی تھانہ سوپور میں نظربندی کے دوران بدترین تشدد کانشانہ بنانے اور مجرموں کی طرح سرد ترین لاک اپ میں بند کرنے کی کارروائی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ پولیس نے انہیں شدید سردی میں حوالات میں بند کر رکھا ہے۔انہوں نے کہاکہ پولیس ان کے اہلخانہ کو بھی ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دے رہی ہے اور اعجاز احمد نے پولیس کے مظالم کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کردی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ پولیس نے تحریک حریت کے تحصیل شوپیان کے صدر محمد امین پرے جن کی حال ہی میں ہائی کورٹ نے پی ایس اے کے تحت نظربندی کالعدم قراردیتے ہوئے رہائی کے احکامات جاری کئے تھے کوپولیس نے دوبارہ گرفتار کرکے ان کے خلاف کالا قانون لاگو کردیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کارکن نذیر احمد مانتوبھی غیر قانونی نظربندی کے دوران شدید علیل ہیں اور پولیس ان کی رہائی میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے ۔انہوں نے پولیس کی جبر و زیادتیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کریمشور بڈگام میں پولیس اہلکاروں نے پارٹی کارکن جان محمد بانڈرو کے گھر پر چھاپے مار کر ان کے اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے جبکہ نمبل ہار میں طارق احمد بٹ کی دو گاڑیاں ضبط کرلی گئی ہیں اور ان کے اہل خانہ کوبھی ہراساں کیا جارہاہے۔