خبرنامہ کشمیر

تحریک حریت کے ضلعی صدر کو گرفتارکرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے تحریک حریت جموں و کشمیر کے ضلعی صدر کپواڑہ فاروق احمد بٹ کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ فاروق احمد ایک پر امن سیاسی کارکن ہیں اور پرامن طور پراپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے زیادہ بھارتی پولیس اور کٹھ پتلی انتظامیہ کی بوکھلاہٹ کیا ہوگی کہ سیاسی سطح پر تحریک حریت کا مقابلہ کرنے کے بجائے وہ فوجی قبضے کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دباکر ’’بہادری اور دلیری ‘‘ کا جھوٹا اور فریب کارانہ مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے تئیں اپنی وفاداری کا حق ادا کررہے ہیں۔ادھر تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ پولیس نے علی الصبح فاروق احمد کے گھر پر چھاپہ مار کرانہیں گرفتار کیا۔انہوں نے کہاکہ فاروق احمد بٹ نے حالیہ عوامی تحریک کے دوران سرگرم کردارادا کیا تھا ۔انہوں نے کہاکہ گرفتار کرنے کے بعد پولیس نے انہیں نامعلوم جگہ منتقل کردیا ہے اورپولیس نے انکے گھر میں توڑ پھوڑ کی اور اہلخانہ کو ہراساں کیا ۔