خبرنامہ کشمیر

تحریک مخالف اوراتحاد دشمن افواہ بازوں سےہوشیاررہیں، میرواعظ

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حریت کے مشترکہ پروگرام پر پوری لگن اور جذبے سے عمل کریں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ عمر فاروق نے جیل سے جاری ایک خصوصی پیغام میں کہاکہ تحریک مخالف اور اتحاد دشمن افواہیں پھیلا کر اتحاد و اتفاق کو پارہ پارہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حریت قیادت کی جانب سے دیئے گئے احتجاجی پروگراموں پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے کشمیری عوام سے کہا کہ ہماری حق و انصاف پر مبنی حق خودارادیت کی جدوجہد ایک انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جہاں پوری یکسوئی اور اتحاد و فکر و عمل کے ساتھ قیادت اور قوم کو تحریک آزادی کو اْسکے منطقی انجام تک لیجانے کیلئے انتہائی پھونک پھونک کر قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ مظالم ،تشدد اور قید و بند کی سختیاں ہمیں ہرگز اپنے مطالبات اور جدوجہد سے باز نہیں رکھ سکتیں اور نہ ہی ہم سرکاری جبر و استبداد کے سامنے جھکنے کو تیار ہیں۔ میرواعظ نے تحریک مخالف اور اتحاد دشمن افواہ بازوں کے گمراہ کْن پروپیگنڈے سے ہوشیار رہنے کی اپیل دہراتے ہوئے حریت قیادت کی جانب سے دیئے گئے احتجاجی پروگراموں پر سختی سے عمل کرنے کی عوام سے پْر زور تاکید کی۔ حریت فورم کے ترجمان نے ایک بیان میں مسلسل 52 ویں دن بھی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ کرفیو کے نفاذ ،سرکاری بندشوں اور قدغنوں ، عوامی جلسے اور جلوسوں پر طاقت کے وحشیانہ استعمال ، پیلٹ گنوں اور آنسو گیس کے بے دریغ استعمال ، نوجوانوں کی بلا جواز گرفتاریاں اور کئی کو بدنام زمانہ کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ن ظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان ہتھکنڈوں کے ذریعے آزادی پسند قیادت اور عوام کے بلند حوصلوں کو ہرگز توڑا نہیں جاسکتا اور نہ ہی انہیں اپنے جائز اور پیدائشی حق ، حق خودارادیت کے مطالبہ سے باز رکھا جاسکتا ہے۔