خبرنامہ کشمیر

ترال میں شہید ہونیوالے مجاہدین کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں اور تنظیموں کی طرف بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع پلوامہ کے علاقے ہفو نازنین پورہ ترال میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران گزشتہ روز شہید ہونے والے نوجوانوں مولوی عاقب اور عثمان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت رہنماء جاویداحمد میر نے ایک بیان میں شہداء کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیا ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیری نوجوانوں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کررہا ہے جس کی وجہ سے تعلیم یافتہ نوجوان ہتھیار اٹھانے پر مجبو ر ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عاقب اور عثمان کی قربانی کورائیگاں نہیں جانے دیاجائے گا اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیرمیں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔ پیپلز پولیٹیکل فرنٹ کے چیئرمین محمد مصدق عادل نے ایک بیان میں کہاکہ کشمیری عوام نے اپنے مجاہد بھائیوں کے شانہ بشانہ جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کررکھا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں خونریزی کا ذمہ دار بھارت ہے ۔ انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ حریت رہنماؤں فریدہ بہن جی ، زمرودہ حبیب، فاروق احمد توحیدی ، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ، پیپلز پولیٹیکل فرنٹ اور پیروان ولایت نے بھی اپنے الگ الگ بیانات میں شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ بھارتی افواج نے کشمیری عوام کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی سربراہ جنرل بپن راوت کی دھمکی کے بعد بھارتی فوج نے جموں وکشمیرمیں ظلم و تشدد اور قتل عام کا سلسلہ تیز کردیا ہے ۔جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ (آر) کے سرپرست بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے شہید نوجوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہاکہ کہا کہ ان بہادر نوجوانوں کی قربانیاں ہماری تحریک کا اصل سرمایہ ہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں قابض بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کا سخت نوٹس لیں۔ ادھرڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے وفود شہید نوجوانوں کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے ترال گئے ۔