خبرنامہ کشمیر

تمام قانونی اقدامات بروئے کار لائیں جائیں گے، مشترکہ حریت قیادت

تمام قانونی اقدامات بروئے کار لائیں جائیں گے، مشترکہ حریت قیادت

سرینگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نظر بندوں کو انصاف دلانے کیلئے تمام قانونی اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔ مشترکہ قیادت نے نظر بندوں کی سینٹرل جیل سرینگر سے جموں کی جیلوں میں منتقلی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک انتقامی کارروائی قرار دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشترکہ مزاحمتی قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ نام نہاد حکمران اور انکی پولیس جس طرح سے نظر بندوں پر مظالم ڈھانے میں مصروف ہیں وہ نہ صرف غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے بلکہ ہر لحاظ سے ایک آمرانہ اور جابرانہ عمل ہے۔ انہوں نے رئیس احمد، شوکت احمد حکیم،عادل احمد زرگر، مومن احمد،محمد اسحاق پال، عمران نبی وانی ،معراج الدین نندہ،دانش ملک ،فیروز احمد،مفتی عبدالاحد،عامر احمد وگے ،نذیر احمد شیخ، محمد ایوب ڈار،محمد ایوب میر، عبدالحمید تیلی، طارق احمد ڈار اور دیگر درجنوں نظر بندوں کی سینٹرل جیل سرینگر سے جموں خطے کی جیلوں میں منتقلی کو انتقامی کاروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ ایک قیدی کے فرار کی آڑ میں دوسرے قیدیوں سے انتقام لینے اور اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے میں مصروف ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پیرول پر رہا کچھ نظر بندوں کو بھی گھروں سے اُٹھا کو آناً فاناً جموں منتقل کردیا گیا ہے حالانکہ عدالت نے انہیں سرینگر سینٹرل جیل سرینگر میں ہی قید رکھنے کے واضح احکامات دے رکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بے گناہ نظر بندوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور انہیں اپنے گھروں سے دور بھیجنے کا یہ عمل خود بھارتی سپریم کورٹ کے اُن احکامات کی بھی خلاف ورزی ہے جن کے تحت اس نے نظر بندوں کو اپنے گھروں سے نزدیک ترین جیلوں میں رکھنے کا حکم دے رکھا ہے۔ مشترکہ قیادت نے اپنے بیان میں شہدائے زکورہ اور ٹینگ پورہ کو انکی 28ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 1990 میں2مارچ کو بھارتی فوجیوں نے سرینگر کے علاقوں زکورہ اور ٹینگہ پورہ میں پرامن مظاہرین پر فائرنگ کر کے پچاس سے زائد افراد کو شہید کر دیا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ زکورہ ، ٹینگ پورہ ، گاؤکدل، سوپور،کپوڑ اہ، ہندوارہ، مشعلی محلہ سرینگر ، سیلان پونچھ، بھدرواہ، ڈوڈہ، مرمت،بیج بہاڑہ،ڈل گیٹ میں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں پیش آنے والے قتل عام کے المناک واقعات بھارتی جمہوریت کے ماتھے پر ایک سیاہ دھبہ ہیں۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں کشمیریوں کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں جس کی ہر قیمت پر حفاظت کی جائے گی۔دریں اثنا محمد یاسین ملک کی قیادت میں مشترکہ حریت قیادت کے ایک وفد نے انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ جسٹس بلال نازکی اور کمیشن کے دیگر ارکان سے ملاقات میں انہیں نظربندوں کے ساتھ روا رکھنے جانے والے ناروا سلوک اور انکی جموں خطے کی دور دراز جیلوں میں منتقلی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وفد نے کمیشن کے سربراہ پر زور دیا کہ وہ بے گناہ نظر بندوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے ناروا سلوک کا نوٹس لیں اور انہیں انصاف دلانے کی کوشش کریں۔ وفد میں محمد یاسین ملک کے علاوہ مشتاق احمد صوفی، عمر عادل ڈار،نور محمد کلوال، مشتاق اجمل،رمیض راجہ،ایڈوکیٹ یاسر دلال،ایڈوکیٹ صورت شکیل اور دیگر شامل تھے۔