خبرنامہ کشمیر

تمام معرکہ میں کے ایچ خورشید قائد اعظم کے معاون تھے‘مشتاق منہاس

راولپنڈی (ملت + آئی این پی) آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات ،سیاحت و آئی ٹی مشتاق احمد منہاس کی جانب سے آزاد جموں وکشمیر کے سابق صدرخورشید ملت خورشید الحسن خورشید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی ۔وزیر اطلاعات نے رابطہ دفتر روالپنڈی کے زیراہتمام سابق صدر کی تحریک پاکستان میں خدمت کے عنوان سے مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قائد اعظم محمد علی جناح نے سیاسی تدبر اور جرات سے انگریز حکمرانوں ،سرمایہ دار ہندوؤں اور اکثریتی کانگریس اورسیاسی جماعتوں سے ذہانت سے مقابلہ کر کے پاکستان حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تمام معرکہ میں کے ایچ خورشید قائد اعظم کے معاون تھے ۔ پاکستان کا گورنر جنرل بننے کے بعد حضرت قائد اعظم نے جو پہلا حکم جاری کیا وہ کے ایچ خورشید کی تقرری بطور پرائیویٹ سیکرٹری تھی۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی خصوصی ہدایت پر کے ایچ خورشید نے سرینگر کا دورہ کیا اور رائے عامہ کو مسلم لیگ کے حق میں ہموار کیا ۔ قائد اعظم کے ساتھ رہ کر پاکستان کے قیام کی جدوجہد میں سرخروہونے کے بعد کے ایچ خورشید نے محترمہ فاطمہ جناح کی ہدایت پر آزاد کشمیر میں بطور صدر اقتدار سنبھالا۔ انہوں نے کہا کہ کے ایچ خورشید کی ذہانت، جرات اور پرکشش شخصیت نے آزاد کشمیر میں انقلابی اقدامات کیے ۔ انہوں نے کہا کہ جب محترمہ جناح میدان سیاست میں نکلیں توکے ایچ خورشید نے انکا بھرپور ساتھ دیا اور وہ ان کے شانہ بشانہ رہے ۔ انہوں نے شرکاء سے کہا کہ ہمیں اپنی سیاست میں کے ایچ خورشید جیسے کرداروں کو یاد رکھنا ہے اور ان کے تعلیما ت کے مطابق نوجوانوں کی ذہن سازی کرنی ہے ۔ اس موقع پر نائب ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس ، معاون ناطم اطلاعات شوکت علی ملک اور خواجہ عمران الحق،عبدالغنی بٹ،سید حمودایڈووکیٹ، چوہدری ثاقب ایڈووکیٹ،راجہ خالد،رؤف احمد خواجہ ،عبدالوحیداور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔