خبرنامہ کشمیر

تنازعہ کشمیر کو سب سے زیادہ نقصان نام نہاد انتخابات نے پہنچایا ہے: یاسین

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ کشمیر ی تنازعہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں جنہیں مذاکراتی عمل میں شریک کیے بغیر مسئلے کو ہرگز حل نہیں کیا جاسکتا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین نے کولگام کے علاقے بوگام میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے نام نہاد انتخابات نے تنازعہ کشمیر کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے کیونکہ یہی وہ عمل ہے جسے بھارت جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کے جواز کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے باسط رسول ،ابوبکر اور دیگر شہداء کو شاندارخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں جانے نہ دینے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ محمد یاسین ملک نے اس موقع پر شہید نوجوانوں کے اہل خانہ سے بھی بھر پور اظہار یکجہتی کیا۔ ایڈووکیٹ فیاض احمد سودا گر کی قیادت میں جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کا ایک وفد تنظیم کے سربراہ شبیر احمدشاہ کی ہدایت پر شہید باسط رسول اور شہید ماجد زرگر کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ضلع اسلام آباد کے سنگم اور آرونی نامی علاقوں میں گیا۔وفد نے اس موقع پر کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں تحریک آزادی کا قیمتی سرمایہ ہیں جس کی ہرقیمت پر حفاظت کی جائے گی۔ حریت رہنماؤں شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر اور انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن اونتو اور منظور احمد پر مشتمل ایک وفد بھی نے شہیدباسط رسول ڈار کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے انکے گھر گیا۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ باسط رسول نے بی ٹیک کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے باوجود عیش و عشرت کی زندگی اختیار نہیں کی اور سرفروشی اور عزیمت کا راستہ چنا ۔ انہوں نے کہا کہ باسط رسول اور دیگر اعلیٰ تعلیم یافتہ کشمیری نوجوانوں کی شہادت اس بات کا ایک بڑا ثبوت ہے کہ کشمیری ملازمتوں اور دیر مراعات کیلئے نہیں بلکہ بھارت کے غیر قانونی تسلط سے نجات کے لیے جانیں قربان کر رہے ہیں۔حریت رہنماؤں نے کہاکہ بھارت اپنے فوجی قبضے کو دوام بخشنے کیلئے فوجی طاقت کا بھر پور استعمال کر رہا ہے لیکن عظیم قربانیوں کی بدولت بھارت کو ایک روز کشمیر چھوڑنا پڑے گا۔