خبرنامہ کشمیر

تنازعہ کشمیر کے حل تک امتحانات کا بائیکاٹ کریں گے، طلباء

سرینگر۔ 3 اکتوبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کشمیری طلباء کی ایک بڑی تعداد نے سرینگر کے لالچوک میں بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی فورسز کے ہاتھوں قتل اور زخمی ہونے والوں کو انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیاہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سرینگر کے پائین علاقوں سے آنے والے طلباء نے کہا کہ وہ اس وقت تک امتحانات میں نہیں بیٹھیں گے جب تک تنازعہ کشمیر کو اس کاتاریخی پس منظر مدنظر رکھتے ہوئے حل نہیں کیا جاتا۔ طلباء نے سکول بیگ پہن کرریذیڈنسی روڑ پر مارچ کیا اور علاقے پر بھارتی قبضے کے خلاف نعرے لگائے۔ انہوں نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے حق میں نعرے درج تھے۔ طلباء نے کٹھ پتلی وزیر تعلیم کو گزشتہ 87روز کے دوران ہونے والے شہید اور زخمی افرادکی یاد دلائی۔ طلباء نے گھنٹہ گھر تک مارچ کیاجہاں بھارتی پولیس نے ان کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے منتشر کردیا۔ کشمیر کے ہر علاقے میں طلباء حالیہ احتجاجی تحریک کے پیش نظر تمام امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔