خبرنامہ کشمیر

جاری تحریک آزادی حکمت عملی ترتیب دی جارہی ہے: حریت کانفرنس

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی اور دیگر حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے وادی کشمیر میں جاری انتفادہ کے دوران قلیل مدتی تحریک سے طویل المدتی تحریک کیلئے نئی حکمت عملی وضع کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔ انہوں نے کہاہے کہ عوام کے مسائل کو دھیان میں رکھتے ہوئے تحریک آزادی کو آگے بڑھایا جائے گا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ کشمیری قوم نے ایک اخلاقی فتح حاصل کی ہے اوربھارتی حکومت پر واضح کردیا گیاہے کہ کچھ بھی ہوجائے ہم اپنے مستقبل اور قسمت کے خود مالک ہیں اوراپنی منزل مقصود کے بارے میں فیصلہ ہم کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام نے گزشتہ 130دنوں سے مسلسل جاری احتجاج میں بھرپور طورپر حصہ لیا جس کا آج کی دنیا میں کوئی متبادل نہیں ہے اور اسی سے ہماری قوت اور عزم کا اندازہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ وہی قوم جس میں اتنی گہری وابستگی ، قوت ارادی اور ہمت و استقلال ہو ایسی جدوجہد کو جاری رکھ سکتی ہے۔حریت قیادت نے کہاکہ کشمیری قوم نے دنیا پر واضح کردیا ہے کہ انہیں آزادی کی کس قدر تڑپ ہے جس کیلئے وہ اپنی قیمتی جانوں ، ذریعہ معاش ، تعلیم اور کچھ بھی قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ ہمارے آگے ایک طویل جدوجہد ہے اور جس کیلئے ہمیں خود کو تیار کرنا ہے اورمکاری اور ظلم و تشدد پر مبنی کارروائیوں اور دباؤ کے باوجود اپنی جدوجہد کو جاری رکھنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں ایسے دشمن کا سامنا ہے جو حقیقت کو تسلیم کرنے سے نہ صرف انکار کرتا ہے بلکہ وہ کشمیریوں کی حق پر مبنی تحریک آزادی کو کمزور کرنے کیلئے ہر حربہ ، فوجی طاقت اور ظلم و تشدد کو آزمارہا ہے ۔ حریت رہنماؤں نے مزید کہاکہ ہم اپنی جدوجہد کو کیسے منزل مقصود تک لے جاسکتے ہیں ،یہ ہمارے لئے ایک سنجیدہ سوال ہے کیونکہ اس ضمن میں ہماری قربانیاں بے شمار ہیں۔ مظاہروں کے مقصد اور مفہوم کو سمجھ کر ایک ایسا لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے جس میں فیصلے سازی کے عمل میں کشمیری عوام کوبھی شامل کیاجائیگا ۔ انہوں نے کہاکہ ایک قلیل مدتی تحریک سے طویل المدتی تحریک کیلئے پروگرام اور مظاہروں کے طریقہ کار کو مرتب کرنے کیلئے ایک حکمت عملی ترتیب دے رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں حال ہی میں ایک نمائندہ اجلاس طلب کیا گیا جس میں زندگی کے مختلف طبقوں کی نمائندگی کرنے والے افراد اور تنظیمیں شامل ہوئیں اور اس سلسلے میں انہوں نے اپنی تجاویز اور آرا پیش کیں اور یہ اجلاس ہر لحاظ سے کامیاب اور نتیجہ خیز رہااورتمام شرکاء نے یک زبان ہوکر رواں تحریک آزادی کو جاری رکھنے کے حوالے سے زبردست حمایت کا اعلان اور اعادہ کیا۔حریت قیادت نے کہاکہ موجودہ جدوجہد نے ہماری تحریک کو آگے بڑھانے کیلئے امکانات اور دائرہ کارکو واضح کر دیا ہے اور اب ہم اپنی منزل کے قریب پہنچ گئے ہیں۔