خبرنامہ کشمیر

جتنا ہمیں دباؤ گے اتنی زیادہ مزاحمت کریں گے، میرواعظ

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چےئرمین میرواعظ عمرفاروق نے بھارتی فورسز کی طرف سے ترال میں 85سالہ بزرگ عبدالقیوم اوران کی اہلیہ پر فائرنگ کے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کو سفاکانہ عمل قراردیاہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق میرواعظ عمرفاروق نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں مختلف اضلاع کے درمیان طبی سامان ، سبزیوں اور دودھ جیسی اشیائے ضروریہ کی ترسیل میں مصروف گاڑیوں کو روکنے پر افسوس اور غصے کا اظہار کیا اوردن رات مسلسل کرفیو کے نفاذ کو قابض انتظامیہ کی انتقامی کارروائیاں قراردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر قابض حکمران یہ سمجھتے ہیں کہ اس سے کشمیریوں کے عزم توڑا جائے گا،ان کو جھکایا جائے گا یا وہ اپنے حق سے دستبردار ہوجائیں گے تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ وہ جتنا ہمیں دبائیں گے اتنی ہی زیادہ ہم مزاحمت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی متعصب ریاست نے جو بحرانی صوتحال پیدا کررکھی ہے اس میں ہم سب کو اپنی کوششوں کو دوگنا کرکے ہر طریقے سے ایک دوسری کی مدد کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کے اخلاق اور کردار کی تعمیر میں مصیبت ایک عظیم استاد کا کام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء کے سیلاب میں قابض حکمرانوں نے کشمیریوں کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا تھا اور لوگوں بالخصوص نوجوانوں نے جس طرح لوگوں کو بچایا اوران کی بحالی میں مدد کی یہ ہمارے لیے ایک سبق ہے جو ہم نے خو دانحصاری سے سیکھا ہے۔ انہوں نے موجودہ صورتحال میں رضاکاروں کے عزم و حوصلے کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ دار الخیر میر واعظ نے موجودہ صورتحال میں متاثرین کی مدد کے لیے ہیلپ لائن قائم کی ہے اور ٖضرورتمند 9419017890پر کال کرسکتے ہیں یا مقامی مسجد کمیٹی سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ میرواعظ نے کہا گزشتہ 40 روز سے معصوم بچوں پر پیلٹ فائرنگ جاری ہے اورگزشتہ روز نواب بازار میں سات سالہ بچے جنید احمد خان کونشانہ بناکر شدید زخمی کیا گیا۔