خبرنامہ کشمیر

جموں سیمینار میں مقررین کا تنازعہ کشمیر کے حل پر زور

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جموں میں منعقدہ ایک سیمینار میں مقررین نے کہا ہے کہ پاکستان ، بھارت اور کشمیری عوام کے درمیان مذاکرات کے ذریعے ہی دیرینہ تنازعہ کشمیر کوحل کیا جا سکتا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سیمینار کا اہتمامForum For Peace And Territorial Integrity Of Stateنے پریس کلب جموں میں کیا تھا۔حریت رہنماسید سلیم گیلانی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے بنیاد فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ سے کشمیری عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں اور اس دوران 115سے زائد کشمیریوں کو شہیداور سینکڑوں کو معذوربنایا گیا جبکہ اربوں روپے کی جائیدادیں تلف کی گئیں۔انہوں نے کہاان ظالمانہ حربوں سے کشمیریوں کو آزادی کے مشن سے دستبردار نہیں کیا جاسکتا۔سیمینار سے جمیل کاظمی، اے ڈی کھجوریہ،پروفیسر ظہورالدین، شیخ عبد الرحمان، شاہد سلیم،ایڈوکیٹ طاہر مرزا ، محمد شمسی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔