خبرنامہ کشمیر

جموں میں بے گناہ کشمیری نوجوان کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرے

جموں :(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں جموں کے علاقے بٹھنڈی میں سابق کٹھ پتلی وزیراعلیٰ ڈاکٹرفاروق عبداللہ کی رہائش گاہ کے قریب بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوان مرفاد شاہ کے اہلخانہ نے پونچھ میں اپنے آبائی علاقے چنورمیں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرین نے پونچھ میں جانی پور بنٹلب روڈ پرٹریفک معطل کر دی ۔مظاہرین نوجوان کے قتل میں ملوث سینٹرل ریزروپولیس فورس کے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کرر ہے تھے ۔انہوں نے قتل میں ملوث فورسز اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج ہونے تک احتجاج ختم نہ کرنے کا اعلان کردیا۔ تاہم انہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور سب ڈویژنل مجسٹریٹ کے ذریعے آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات کی یقین دہانی پر اپنا احتجاج ختم کردیا۔ مظاہرے کے بعد پونچھ کے علاقے مینڈھر میں مرفاد شاہ کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ ادھر مرفاد شاہ کے قتل کے خلاف درہال، کوٹرنکہ، کالاکوٹ، مینڈھر، سرنکوٹ اور پونچھ میں بھی لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے اور مظاہرین نے قتل میں ملوث سی آ ر پی ایف اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔