خبرنامہ کشمیر

جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے عبدالرشید ترابی کی ملاقات

لاہور(آئی این پی) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سے امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر عبدالرشید ترابی کی ملاقات ،آزاد کشمیر کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال،ترجمان کے مطابق عبدالرشیدترابی نے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور آمدہ انتخابات مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تفصیلی گفتگو ہوئی اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے تاریخی خدمات ہیں ،آزاد کشمیر کو تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی بیس کیمپ بنانے کے لیے جماعت اسلامی کا پارلیمانی قوت بننا بہت ضروری ہے ،جماعت اسلامی کی جو خدمات ہیں تحریک آزادی کشمیر،متاثرین زلزلہ ،تعلیم اور صحت کے میدان میں گران قدر خدمات ہیں جماعت اسلامی کا بڑا امتیاز ہے جو کسی دوسری جماعت کے حصے یا ریکارڈ میں نہیں ہے ،لیاقت بلوچ نے کہا کہ بھرپور طریقے سے انتخابی معرکے میں حصہ لیا جائے لوگوں تک اپنا پیغام پہنچایا جائے،جماعت اسلامی پاکستان نے کشمیریوں کی ہر محاذ پر پشیتبانی کی ہے اور ہر معرکے میں ان کے شانہ بشانہ رہی ہے انتخابی معرکے میں سرخرو ہونے کے لیے جماعت اسلامی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی،اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے تمام انتخابی حلقوں سے امیدوار فائنل کر لیے ہیں اور رابطہ عوام مہم جاری ہے،جماعت اسلامی نے اعلیٰ تعلیم یافتہ کے ٹیم کے ساتھ میدان میں اتری ہے ،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ انتخابات میں وفاقی حکومتیں یہاں سے مداخلت کرتی ہیں مہاجرین کی 12نشستوں پر یہاں کی حکومتیں مداخلت کر کے اثر انداز ہوتی ہیں جس کے نتیجے میں آزاد کشمیر کے لوگوں کا انتخابات سے اعتماد اٹھ گیا ہے اس حوالے سے آزاد کشمیر میں منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے یہاں کی مداخلت نہ کی جائے اور تحریک آزادی کشمیر جس مرحلے میں ہے اس کا تقاضا ہے کہ آزاد کشمیر میں ایک شفاف انتخابات کا انعقاد ہو ایسی قیادت منتخب ہو جو تحریک آزادی کشمیر میں مثبت کردار ادا کرے۔