خبرنامہ کشمیر

جنوبی ایشیاء کے امن واستحکام کیلئے مسئلہ کشمیرکاحل ہونا ضروری ہے،مولانا قاضی محمود الحسن

مظفر آباد (آئی این پی)آل جموں کشمیر جمعیتعلماء اسلام کے ،جنرل سیکرٹری مولانا قاضی محمود الحسن اشرف نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاء کے امن واستحکام کیلئے مسئلہ کشمیرکاحل ہونا ضروری ہے۔ بھارتی وزیراعظم اقوام متحدہ میں کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے کاوعدہ کرچکے ہیں۔ کشمیری پاکستان کے تحفظ کی جنگ لڑ رہے ہیں۔پاکستانی قوم کشمیر کیساتھ جذباتی لگاؤ رکھتی ہے۔ مہاجرین کشمیر پاکستان کے مہمان ہیں۔ اہل پاکستان کے دل کشمیری عوام کیساتھ دھڑکتے ہیں۔کشمیرکی آزادی کے لیے کشمیری عوام نے پانچ لاکھ سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔قربانیوں کی اس تاریخ کی مثال دنیامیں نہیں ملتی ۔ کشمیر کے مسئلے پر اقوام متحدہ کاکردار دوغلا اور قابل مذمت ہے۔ انھوں نے کہا جنوبی ایشیاء کے امن واستحکام کے لیے مسئلہ کشمیرکاحل ہونا ضروری ہے۔ جمعیت علماء اسلام کشمیری عوام کی آزادی کی اس جدوجہد میں ان کی پشت پر ہے۔انھوں نے مہاجرین کشمیرکے مسائل کو ابھی تک حل نہ کرنے پر گہری تشویش کااظہارکیا۔انھوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیاکہ بھارت سے دوستی کے لیے تحریک آزادی کشمیرکو منطقی انجام تک پہنچانے کو بنیادی شرط قراردیاجائے۔ مسئلہ کشمیرکے حل کے بغیربھارت کے ساتھ تعلقات کسی صورت میں بھی مستحکم نہیں ہوں گے۔