خبرنامہ کشمیر

جنوبی ایشیا اور دنیا کا امن خطرے میں ہے، سلیم گیلانی

سرینگر میں سی

جموں: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما سید سلیم گیلانی نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیرکے حل نہ ہونے کی وجہ سے نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کا امن خطرے سے دوچار ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید سلیم گیلانی نے جموں پریس کلب میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فورسز نے گزشتہ 6ماہ کے دوران پیلٹ گن کا بے تحاشا استعمال کیا اور100 کے قریب نوجوانوں کو قتل اور ہزاروں کوزخمی کردیا جبکہ سینکڑوں کی بینائی چھین لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران ہزاروں نوجوانوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا جبکہ لوگوں کی جائیداد وں کو تباہ کیا گیا اور گھروں کی توڑ پھوڑ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی تحریکوں میں اس طرح کی انسانیت سوز کاروائیوں کی مثال نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی فصلوں کو نذر آتش کرنا بد ترین انتقامی کارروائی ہے۔ حریت رہنما نے کہاکہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے عوامی خواہشات کو دبایا نہیں جاسکتا اور ایسا سوچنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔سلیم گیلانی نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کی وجہ سے انسانی جانیں ضائع ہونے سے سب سے زیادہ تکلیف ہمیں ہوتی ہے اور ہمارے ایک لاکھ کے قریب افراد اس ظلم کی نذر ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقتدار کیلئے جموں کے عوام کا استحصال کیا جا رہا ہے اور فرقہ پرستی کو ہوا دی جارہی ہے۔انہوں نے جموں کے عوام سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور فرقہ پرست اور بنیاد پرست طاقتوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں۔