خبرنامہ کشمیر

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا معصوم آصفہ کے مجرموں کو پھانسی دینے کا مطالبہ

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا معصوم آصفہ کے مجرموں کو پھانسی دینے کا مطالبہ

سرینگر۔(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں سرکاری ملازمین کی مختلف تنظیموں کے مشترکہ پلیٹ فارم ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کٹھوعہ میں معصوم آصفہ کی بے حرمتی اور قتل میں ملوث پولیس اہلکاروں کا دفاع کرنے اور انسانی مسائل پر سیاست کرنے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے مجرموں کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ایمپلائز جوئنٹ ایکشن کمیٹی کے سربراہ عبدالقیوم وانی نے سرینگر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے معصوم بچی کی آبرو ریزی اور قتل کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کو انسانیت کے چہرے پر بدنما داغ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے انسانیت سوز اور شرمناک واقعے کی بلا امتیاز مذہب وملت اور فرقہ و ذات مذمت کی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹیوں کی عصمت اور عزت ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے اور اپنی بچیوں، بہنوں اور ماؤں کی عصمت کی حفاظت کرنا ہر ایک انسان کا فرض ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ آصفہ کو انصاف دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، صورتحال کو فرقہ پرستی یا سیاست کی نذر کرنا قابل قبول نہیں ہو گا۔ انہو ں نے کہا کہ انصاف میں تاخیر یا مجرموں کو سزا دلانے میں ٹال مٹول کرنے کی صورت میں ایمپلائز جوئنٹ ایکشن کمیٹی سڑکوں پر آئے گی۔ اجلاس میں ای جے اے سی کے رہنماؤں فیاض شبنم،حاجی بشیر احمد،شبیر احمد لنگو،عبدالسلام راجپوری،فاروق احمد خان،نذیر احمد خان،ڈاکٹر منظور اور دیگر لوگوں نے بھی شرکت کی۔