خبرنامہ کشمیر

حاجن میں بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں پر تشدد

حاجن میں بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں پر تشدد
سرینگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں تحریک حریت جموں و کشمیرنے بانڈی پورہ کے علاقے حاجن میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں پرظلم و تشدد ، لوٹ مار اور توڑ پھوڑ کرنے کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ بھارتی فوج کی 13راشٹریہ رائفلز کے اہلکاروں نے حاجن میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران لوگوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اورانکی املاک کو نقصان پہنچانے کے علاوہ لوٹ مار بھی کی ۔ انہوں نے کہاکہ فورسز نے پارٹی کے گزشتہ دو برس سے غیر قانونی طورپر نظربند کارکن عبدالحمید پرے کے گھر میں بھی توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کے علاوہ آگ لگادی ۔ترجمان نے بھارتی فورسز کی اس کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے انہیں بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ تاہم انہوں نے واضح کیاکہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روکا نہیں جاسکتا۔