خبرنامہ کشمیر

حرمین شریفین کا دفاع ہر مسلمان کے عقیدے اور نظریئے کا مسئلہ ہے: عبدالحفیظ

مظفرآباد (ملت + آئی این پی) حرمین شریفین کا دفاع و تحفظ کسی ایک مسلک یا جماعت کا معاملہ نہیں بلکہ یہ ہر مسلمان کے عقیدے اور نظریئے کا مسئلہ ہے۔ عالمی صیہونی و یہودی ایجنسیاں اور ان کے ایجنٹ حرمین شریفین کے بارہ میں ناپاک عزائم رکھتے ہیں ان کے عزائم کو ناکام بنانا امت مسلمہ کا فرض بنتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی سیرت مصطفےٰ کمیٹی آزادکشمیر کے ترجمان علامہ قاضی عبدالحفیظ عابدؔ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ میں جس ہستی کا قیام ہے ہر کلمہ گو مسلمان اس ہستی کے نام پر قربان ہونا اپنی سعادت سمجھتا ہے۔ چہ جائیکہ اس مقدس مقام روضہ رسولؐ پر قبضے کا کوئی سوچے اور مسلمان خاموش بیٹھے رہیں۔ روضہرسولؐ اور خانہ کعبہ کی حرمت کیلئے امت مسلمہ اپنی جانیں اور اپنی اولادیں تک بھی قربان کر دے گی۔ ہم صرف زبانی محبت و عشق رسولؐ کے دعویدار نہیں ہیں اور نہ ہی حضور علیہ السلام کے نام مبارک کو ہم اپنے پیٹ کے لئے استعمال کرتے ہیں ہم اپنی جانیں قربان کر دینگے مگر روضہ رسولؐ اور بیت اللہ پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ تحفظ حرمین شریفین کے لئے اپنا کردارا ادا کریں اور حوثیوں کی سرکوبی کے لئے فی الفور افواج پاکستان کو سعودیہ روانہ کریں حرمین کے تحفظ کی ذمہ داری صرف سعودی حکومت یا عوام کی نہیں بلکہ یہ کرہ ارض پر بسنے والے تمام کلمہ گو مسلمانوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔