خبرنامہ کشمیر

حریت رہنماؤں اوربار ایسوسی ایشن شہریوں کےقتل عام کی مذمت

سرینگر :(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماؤں نے بھارتی فوج اور پولیس کے ہاتھوں معصوم شہریوں کے مسلسل قتل عام کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت رہنماؤں شبیر احمد ڈار ، محمد اقبال میر، امتیاز احمد ریشی،غلام نبی وار ، محمد یوسف گلکار اور محمد احسن انتو نے سرینگر سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کشمیریوں کے قتل عام پر قابض حکمرانوں کو شدید تنقید کانشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ان ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے عزم کو توڑا نہیں جاسکتا اورنہ ان کو حق خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد سے دستبردار ہونے پر مجبور کیا جاسکتا ہے۔ دریں اثناء ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں معصوم شہریوں کے قتل، ان پر تشدد اور انہیں بینائی سے محروم کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کی مسلح افواج اور پولیس معصوم کشمیریوں پر اندھا دھند طریقے سے بلٹ اور پیلٹ فائر کرکے انہیں قتل کرہی ہیں اور انہیں آنکھوں کی روشنی سے محروم کررہی ہیں۔ انہوں نے پیلٹ گن کے استعمال پر فوری پابندی کا مطالبہ کیا۔