خبرنامہ کشمیر

حریت رہنماؤں اور تنظیموں کا شہداء کولگام کو خراج عقیدت

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میںآزادی پسندرہنماؤں اور تنظیموں کی طرف سے ضلع کولگام کے علاقے فرصل میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت 1947 سے کشمیریوں کا خون بہاتا آرہا ہے لیکن ان عظیم نوجوانوں کا لہو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور نہ ان کے خون پر کسی کو سیاست کرنے کی اجازت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت، اس کی افواج اورسیاسی آلہ کاروں کو ایک دن جموں وکشمیر سے نکلنا پڑے گا۔ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا کہ نہتے لوگوں پر گولیوں اور پیلٹ گن کا استعمال انتہائی افسوس ناک اور غیر انسانی فعل ہے۔ ایسوسی ایشن نے شہداء کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نہتے لوگوں پر گولیاں اور پیلٹ گن کا استعمال انتہائی افسوس ناک اور غیر انسانی فعل ہے۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ انسانی حقوق اور جمہوریت اقدار پر یقین رکھنے والوں کو اْس طرح کی شرمناک حرکات کی مذمت کرنی چاہئے۔ماس مومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی،سالویشن مومنٹ کے مولانا رفیق، ذوالفقار حمید،گوہر احمد ،پیپلز فریڈم لیگ کے محمد رمضان خان اورپیروان ولایت نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ نوجوان ایک عظیم مقصد کی آبیاری کے لئے اپنی جانیں نچھاور کررہے ہیں۔انہوں نے شہید ہونے والے نو جوانوں کے اہلخانہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے شہریوں پر گولیاں اور آنسوگیس برسانے کی شدید مذمت کی۔