خبرنامہ کشمیر

حریت رہنماؤں اور تنظیموں کا شہید صائمہ وانی کوخراج عقیدت پیش

حریت رہنماؤں

حریت رہنماؤں اور تنظیموں کا شہید صائمہ وانی کوخراج عقیدت پیش

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والی لڑکی صائمہ وانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صائمہ وانی24 جنوری کو ضلع شوپیان کے علاقے چائی گنڈ میں بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئی تھی اوراٹھارہ روز تک صورہ ہسپتال سرینگر کے انتہائی نگہداشت والے وارڈ میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد باالآخر گزشتہ روز وفات پاگئی تھی۔ بھارتی فوجیوں کی فائرنگ میں صائمہ کا بھائی سمیر وانی شہید ہو گیا تھا۔دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہید صائمہ وانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ پابندیوں کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے صائمہ کے جنازے میں شرکت کی ۔ انہوں نے شہید لڑکی کی بلندی درجات اور متاثرہ خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اور کشمیرمیں اس کی کٹھ پتلی انتظامیہ کو احساس ہو گیا ہے کہ کشمیری عوام نے بھارت کو مسترد کردیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کو سمجھنا چاہیے کہ کشمیری عوام بھارت کے فوجی تسلط سے آزادی کیلئے ہر ممکن جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی برداری سے بھی اپیل کی کہ وہ نوشتہ دیوار پڑھتے ہوئے کشمیرمیں خونریزی بندکرائے۔ مسلم خواتین مرکز کی سربراہ یاسمین راجہ کے علاوہ ظفر اکبربٹ ، محمد سلیم زرگر اور مسلم لیگ جموں وکشمیر اور جموں کشمیر پیپلز فریڈم لیگ نے بھی اپنے بیانات میں شہید صائمہ وانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ بھارتی قابض فورسز کے ہاتھوں کشمیر میں نہتے و معصوم بچوں اور بیٹیوں کا قتل عام مسلسل جاری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری شہداء کی قربانیاں کشمیری قوم کا سرمایہ افتخار ہیں جنہیں ہر گز رائیگاں نہیں جانے دیاجائیگا ۔حریت رہنماؤں نے جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہو ں نے سوگوار خاندان سے بھی دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے جدوجہدآزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عز م کا اعادہ کیا ۔ جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے ایک وفد نے شوپیاں میں صائمہ وانی کے جنازے میں شرکت کی ۔