خبرنامہ کشمیر

حریت رہنماؤں اور تنظیموں کا شہید کشمیری نوجوانوں کو بھرپور خراج عقیدت

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے گزشتہ روزاسلام آباد اور بارہمولہ کے اضلاع میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے دو کشمیری نوجوانوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بیج بہاڑہ کے علاقے مرہامہ میں شہید نوجوان باسط رسول کی نماز جنازہ کے شرکاء سے ٹیلی فونک خطاب کیا ۔ انہوں نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ ان بھارت نواز سیاستدانوں کیلئے زوردار طمانچہ ہے جو ان بے مثال قربانیوں کو سڑک، پانی، بجلی، تعمیر وترقی اور خوشحالی کے نعروں کی گونج میں گم کرنے کی مذموم کوششیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہداء کی قربانیوں کا تقاضا ہے کہ ہم من حیث القوم ان کی حفاظت کرکے اس بات کا عہد کریں کہ ان قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری غلامی اور ہمارے عذاب وعتاب کے اصل اور خونین مجرم بھارت نواز سیاستدان ہیں اور وہ ایک بار پھر عوام کو ورغلانے اور انہیں اپنی چرب زبانی کے سحر میں گرفتار کرنے کیلئے پر تول رہے ہیں، لیکن ہمیں اْن پر یہ بات واضح کرنی چاہئے کہ ان کے چہروں سے ہمدردی اور انسان دوستی کے تمام پردے سرک چکے ہیں۔اس موقع پر حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری حاجی غلام نبی سمجھی نے بھی خطاب کیا۔اپنے حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے ایک بیان میں شہید نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی حق و انصاف سے عبارت جدوجہد کو دبانے کیلئے بھارتی حکومت اور اْسکی کٹھ پتلی انتظامیہ بے دردی سے طاقت اور تشدد کا استعمال کررہی ہے اور کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے غیر انسانی اور غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے ۔انہوں نے شہید نوجوان رسول اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ میں زیر تعلیم تھا اور اس جیسے دیگر تعلیم یافتہ نوجوانوں کی قربانیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ کشمیری نوجوان اور تعلیم یافتہ نسل نہ صرف بھارتی مظالم کیخلاف ذہنی اور فکری طور مزاحمت کیلئے آمادہ ہے بلکہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دائمی حل کیلئے جدوجہد پوری قوم کا مطمح نظر ہے۔میر واعظ کی ہدایت پر حریت رہنماء مختار احمد وازہ کی قیادت میں فورم کا ایک وفد باسط رسول کے جنازے میں شرکت کیلئے بیج بہاڑہ کے علاقے مرہامہ گیا اور انہوں نے شہید کے اہلخانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔ مختار وازہ نے اس موقع پر عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کی مستقبل کی نسلوں کو بچانے اور مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھائے ۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد عبداللہ طاری نے بھی ایک بیان میں شہید نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم ان شہداء کے مقروض ہیں جنہوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ۔ فریڈم پارٹی کا ایک وفدباسط رسول کے گھر مر ہامہ سنگم گیا اور انہوں نے پارٹی سربراہ شبیر شاہ کی طرف سے اہل خانہ سے تعزیت کی۔حریت رہنماؤں میر شاہد سلیم ، محمد یوسف نقاش، زمرودہ حبیب، ناہیدہ نسرین ،فریدہ بہن جی ، حکیم عبدالرشید اور جموں وکشمیر سالویشن مومنٹ ، ڈیموکریٹک پولیٹکل موومنٹ اوردیگر تنظیموں نے بھی بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے دونوں نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔