خبرنامہ کشمیر

حریت رہنماؤں اور تنظیموں کی بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیری طلبا کے قتل کی مذمت

IOK people urged

حریت رہنماؤں اور تنظیموں کی بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیری طلبا کے قتل کی مذمت

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرحریت رہنماؤں اور تنظیموں کی طرف سے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شوپیان میں دوکشمیری طالبعلموں کے قتل کی شدید مذمت کاسلسلہ جاری ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ہفتے کے روز ضلع شوپیان کے علاقے گنو پورہ میں پرامن مظاہرین پر فائرنگ کرکے دو نوجوانوں جاوید احمد اور سہیل احمد کو شہید کردیا تھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نیشوپیان میں فورسز کے ہاتھوں دو کشمیری طالبعلموں کے قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے فورسز کی اس سفاکانہ کارروائی کی مذمت کی ہے۔انہوں نے شہید نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے نوجوانوں کی شہادتیں تشویشناک اور ناقابل قبول ہیں۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کی نسل کشیُ کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔ انہوں نے سانحے میں ملوث بھارتی فورسز کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔حریت رہنماؤں فریدہ بہن جی ، غلام محمد خان سوپوری، مشتاق الاسلام ، محمد اقبال میر ، قطب عالم ، محمد یاسین عطائی اور ایمپلائیز جوائنٹ اکیشن کمیٹی کے صدر عبدالقیوم وانی نے اپنے الگ الگ بیانات میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیری طالبعلموں کے قتل کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز نہتے کشمیریوں کے جذبہ حریت کوکمزور کرنے کیلئے ان کی نسل کشیُ کررہی ہے ۔ جموں وکشمیر نیشنل فرنٹ، مسلم لیگ جموں وکشمیر اور کشمیر اکنامک الائنس نے بھی اپنے بیانات میں فورسز کے ہاتھوں دونوجوانوں کے قتل پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کی کارروائیوں سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیاجاسکتا ۔ انہوں نے جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کااعادہ کیا۔