خبرنامہ کشمیر

حریت رہنماؤں اور تنظیموں کی بھارتی فورسز کے ہاتھوں ذہنی معذور شخص کے قتل کی مذمت

حریت رہنماؤں

حریت رہنماؤں اور تنظیموں کی بھارتی فورسز کے ہاتھوں ذہنی معذور شخص کے قتل کی مذمت

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں مختلف حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے ضلع بڈگام میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں زہنی معذور شخص سید حبیب اللہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز غیر معمولی اختیارات کی وجہ سے کشمیر میں انسانیت کی قبا چاک کررہے ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے عمر رسیدہ شخص کے قتل کو بھارتی فورسز کی سفاکیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب فوجی اہلکاروں کو قانون کا سہارا حاصل ہو تو وہ انسانوں کا قتل کرنے میں بے باک ہوجاتے ہیں اوریہ قتل بھی اسی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے مرحوم کے لواحقین سے یکجہتی اور ہمدردی کا اظہارکیا۔میرواعظ عمرفاروق کی زیر قیادت حریت فورم نے بھارتی فورسز کی اس کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فورسزاہلکار بے لگام ہوچکے ہیں اوروہ ان کو حاصل غیر معمولی اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے عام لوگوں کو مظالم کا نشانہ بنا رہے ہیں جو انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہے۔ماس مومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بھارتی فورسز کا معمول بن چکاہے۔ انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے قتل ناحق کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعات عالمی طاقتوں کیلئے چشم کشا ہونے چاہئیں اور انہیں سمجھنا چاہئے کی بھارت کس طرح کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے۔سالویشن مومنٹ نے بزرگ شہری کوقتل کرنے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ وائس آف وکٹمزکے کوآرڈی نیٹر عبدالرؤف خان نے بھارتی فورسز کی کارروائی کو آرمڈ فورسز سپیشل پاورز کے نفاذ کا نتیجہ قراردیاہے۔ پیروان ولایت نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بھارتی فورسز کی بوکھلاہٹ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے ۔