خبرنامہ کشمیر

حریت رہنماؤں کا شہدائے زکورہ ، ٹینگہ پورہ کو خراج عقیدت

حریت رہنماؤں کا شہدائے

حریت رہنماؤں کا شہدائے زکورہ ، ٹینگہ پورہ کو خراج عقیدت

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے شہدائے زکورہ اور بٹہ مالو ٹینگ پورہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں یکم مارچ 1990 میں ٹینگہ پورہ بٹہ مالو اور زکورہ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کی شہادت کے ان سانحات اور گزشتہ 28برس کے دوران مقبوضہ علاقے بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کے تمام واقعات کی تحقیقات اقوامِ متحدہ کے جنگی جرائم ٹربیونل سے کرانے کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے جنگی جرائم میں ملوث بھارتی فوجی افسروں اور اہلکاروں کے خلاف مقدمات چلانے پربھی زوردیا ۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر دنیا کا وہ واحد علاقہ ہے جہاں سب سے زیادہ تعداد میں قابض فورسز تعینات ہیں اور وہ نہتے کشمیریوں کا مسلسل قتل عام جاری رکھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے مشن کواس کے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے ۔ سیدعلی گیلانی نے کہاکہ قابض فورسز کھلے عام جنگی جرائم کر رہی ہے اور ابھی تک جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث کسی بھی فوجی اہلکار کے خلاف نہ کوئی مقدمہ درج کیاگیا ہے اور نہ کوئی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔ قاتل اہلکار کھلے عام گھوم رہے ہیں ۔ انہوں نے افسوس ظہر کیاکہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں کے خلاف وحشیانہ مظالم اور قتل عام پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ ادھر حریت فورم کے چیئرین میرواعظ عمر فاروق نے ٹویٹر پر جاری ایک پیغام میں زکورہ اور بٹہ مالو ٹینگ پورہ کے شہداء کو انکی برسی کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے عالمی برادری خاص طورپراقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ نہتے کشمیریوں کے قتل عام میں ملوث بھارتی فوجیوں کے خلاف کارروائی کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھائیں۔دریں اثناء حریت رہنماؤں شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر،محمد احسن اونتو، امتیاز احمد ریشی اورغلام نبی وار نے سرینگر میں ایک اجلاس میں شہداء زکورہ اور ٹینگہ پورہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور اقوام متحدہ سے نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے واقعات کی تحقیقات کیلئے ایک ٹیم کشمیر بھیجنے اور ان سانحات میں ملوث بھارتی فورسز کے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔واضح رہے کہ یکم مارچ 1990کو بھارتی فوجیوں نے سرینگر کے علاقوں زکورہ اوربٹہ مالو میں مظاہروں کے دوران بے گناہ کشمیریوں پر اندھادھند فائرنگ کر کے 50 سے زائد افراد کو شہید کردیاتھا۔