خبرنامہ کشمیر

حریت رہنماؤں کا شہید کشمیریوں کو خراج عقیدت

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماؤں نے جموں وکشمیر میں گزشتہ چند دنوں میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونیوالے بے گناہ کشمیریوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حالیہ دنوں میں حاجن اور کاکہ پورہ میں شہید ہونیوالے نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے نوجوان بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی اور محکومیت کے خاتمے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ان قربانیوں کو مد نظررکھتے ہوئے ہم حصولِ مقصد تک جدوجہد کو ہر قیمت پر جاری رکھیں۔ انہوں نے اقوامِ عالم کے کردار پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری نسل کشی کی ذمہ داری ان ہی پر عائد ہوتی ہے کیونکہ ان کی خاموشی کی وجہ سے ہی بھارت جموں وکشمیر میں مسلسل خون کی ہولی کھیل رہا ہے۔ سیدعلی گیلانی نے کہا کہ اگر اقوامِ عالم اپنی ذمہ داریاں پوری کرے تو کشمیر میں جاری قتل عام کو روکا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے جموں وکشمیر میں قیمتی انسانی زندگیوں کا اتلاف جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لخت جگر اپنی زندگی کی تمام سہولتوں کو تج کر عزیمت کی راہ پر گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قوم بھارت کے جبری قبضے کے خلاف 40 سال تک جمہوری طریقے سے جدوجہد کرتی رہی لیکن بھارت کے حکمران ٹس سے مس نہ ہوئے اور وہ فوجی طاقت کے ذریعے ہماری آواز کو خاموش کرانے کی کوشش کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی سے زمینی صورتحال اورمسئلہ کشمیر کی حیثیت تبدیل نہیں ہوسکتی ہے۔حریت چیئرمین نے کہا کہ بھارت کبھی ہماری تحریک آزادی کو ختم کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا ۔جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے ایک بیان میں حاجن اورکاکہ پورہ پلوامہ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ شہدائے کشمیر نے جموں وکشمیر کی آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری شہداء کی قربانیاں ہماری جدوجہد کیلئے سرمایہ اٖفتخار ہے جس پر زندہ قومیں فخر کرتی ہیں۔مسلم لیگ جموں وکشمیر کا ایک وفد قائمقام چیئرمین محمد یوسف میرکی سربراہی میں شہید رئیس احمد ڈار کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے انکی رہائش گاہ کاکہ پورہ گیا ۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی بھی کیا ۔ حریت رہنماؤں حریت رہنماؤں شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر،امتیاز احمد ریشی اورغلام نبی وار اورمحمد احسن اونتونے ایک مشترکہ بیان جبکہ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ، دختران ملت اور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اپنے بیانات میں شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔