خبرنامہ کشمیر

حریت رہنماؤں کا شہید کشمیری نوجوان کو خراج عقیدت

بھارت کو کشمیر

حریت رہنماؤں کا شہید کشمیری نوجوان کو خراج عقیدت
سرینگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے حال ہی میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ترال میں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ترال کے علاقے سیر جاگیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہیدہونیوالے کشمیری نوجوان عادل چوپان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کشمیری شہداء کی قربانیوں کو کشمیر ی قوم کا سرمایہ آفتخار قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری شہداء بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اور قوم ان کی قربانیوں کی مرہون منت اور مقروض ہے۔ لبریشن فرنٹ کے رہنماؤں غازی جاوید احمدبٹ اور طارق احمد نے لرو جاگیر ترال جاکرشہید عادل چوپان کے اہلخانہ سے ہمدردی اوریکجہتی کا اظہار کیا۔ تحریک حریت نے ایک بیان میں کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری نوجوان اسلام کی سربلندی اور آزادی کی خاطر اپنی جانیں نچھاور کررہے ہیں کیونکہ بھارت نے جموں وکشمیر کے عوام کا حق خودارادیت سلب کررکھا ہے جس کا کوئی آئینی، سیاسی، انسانی یا اخلاقی جواز نہیں ہے۔ تحریک حریت نے کہا کہ جنگ اور طاقت سے مسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے۔ ادھر حریت رہنماء محمد مصدق عادل، بلال صدیقی، پیپلز لیگ اورپیروان ولایت نے بھی شہید عادل چوپان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔