خبرنامہ کشمیر

حریت رہنماؤں کا پلوامہ میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت

حریت رہنما

حریت رہنماؤں کا پلوامہ میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ضلع پلوامہ کے علاقے لیتہ پورہ میں شہید ہونے والے نوجوانوں فردین احمد کھانڈے اور منظور احمد بابا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں جاری خون خرابے کی تمام تر ذمہ داری بھارتی حکومت اور اس کی کٹھ پتلیوں پر عائد ہوتی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری بیان کہا کہ جموں وکشمیر ایک حل طلب مسئلہ ہے جس کا بھارت نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اعتراف کیا ہے اور کشمیریوں سے وعدہ کیا ہے کہ ان کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا موقع دیا جائیگالیکن بھارت ان وعدوں کو پورا نہیں کررہا اورطاقت کی بنیاد پر جموں و کشمیر پر قابض رہنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے آج تک 6لاکھ سے زائد جانوں کی قربانیاں دی ہیں اور آج بھی دے رہے ہیں۔ حریت چےئرمین نے کہا کہ کشمیری نوجوان بھارت کے جبری قبضے کو ختم کرانے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اور قوم پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ ان قربانیوں کی حفاظت کرے۔ انہوں نے کہا کہ ان قربانیوں کا تقاضا ہے کہ ہم ہر طرح کے نام نہاد انتخابات کا بائیکاٹ کریں اور کسی صورت میں اپنا ووٹ اُن لوگوں کو نہ دیں جو ہماری غلامی کے ذمہ دار ہیں اور جن کی وجہ سے ہمیں روزانہ اپنے نوجوانوں کے جنازے اٹھانا پڑ رہے ہیں۔ ادھرمیرواعظ عمرفاروق کی زیر قیادت حریت فورم نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی بربریت اور ظالمانہ پالیسی کی وجہ سے کشمیری نوجوان بندوق اٹھانے پر مجبور ہیں۔فورم کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ بھارت جب تک تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کے لیے اقدامات نہیں کرے گا، خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔دریں اثناء تحریک حریت کے رہنما بشیر احمد قریشی نے ترال میں شہید نوجوان فردین احمدکھانڈے کی نماز جنازہ پڑھائی اور اُن کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔جموں وکشمیرلبریشن فرنٹ کے رہنماؤں جاوید احمد بٹ اور طارق احمد پر مشتمل وفد نے ترال اور دربہ گام میں شہیدنوجوانوں کے جنازوں میں شرکت کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔منظور احمد للہاری، محمد اشرف صوفی ،اعجاز احمد اور منظور احمد پر مشتمل مسلم لیگ کے وفد نے دربگام میں شہیدمنظور احمد بابا کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ دختران ملت کی جنرل سیکرٹری ناہیدہ نسرین نے ایک بیان میں شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ پیپلز لیگ کے وفدنے سینئر رہنما عبدالرشید ڈارکی قیادت میں ترال اور دربگام جاکر شہید نوجوانواں کے اہل خانہ سے یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔حریت رہنماؤں غلام محمد خان سوپوری، فردوس احمد شاہ ، زمردہ حبیب اورلبریشن فرنٹ ( آر ) کے جنرل سیکریٹری وجاہت بشیر قریشی اوراسلامک پولیٹکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے بھی اپنے الگ الگ بیانات میں شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔