خبرنامہ کشمیر

حریت رہنماؤں کیطرف سے شہید نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت

حریت رہنماؤں کیطرف سے شہید نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت
سرینگر: (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے ترال کے علاقے سیر جاگیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہیدہونیوالے کشمیری نوجوان عادل چوپان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری شہداء بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرر ہے ہیں ۔ انہوں نے شہید نوجوان کی جرات اور جذبہ حریت کو سلام پیش کیا اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزادی پسند قیادت اور پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔انہوں نے کہاکہ شہادتوں کو ہماری جدوجہد آزادی میں ایک سنگ میل کی حیثیت حاصل ہے ۔ حریت چیئرمین کی ہدایت پر بشیر احمد قریشی اور عمر عادل ڈارپر مشتمل تحریک حریت کے ایک وفدنے شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ وفد نے عادل کے اہلخانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہاربھی کیا ۔ میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم کے ترجمان نے بھی ایک بیان میں ترال اور ہندواڑہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے تین کشمیری نوجوانوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی بڑی وجہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اپنے حق خود ارادیت کے حصول جان و مال کی قربانیاں پیش کررہے ہیں اور بھارت کی جانب سے ہر طرح کے ظلم و جبر اور زیادتیوں کا سامنا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیری عوام کے جذبات اور احساسات کومد نظررکھتے ہوئے اس دیرینہ تنازعہ کے حل کیلئے اپنااہم کردارادا کرے ۔ترجمان نے کپواڑہ ،پلوامہ، شوپیاں اور ملحقہ دیہات میں بھارتی فورسز کی جانب سے بڑے پیمانے کریک ڈاؤن ، گھر گھر تلاشیوں اور لوگوں کو ہراساں کرنے کی بھی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کو عملاً پولیس سٹیٹ میں تبدیل کردیا گیا ہے اور ظلم و تشدد، قتل عام اور پابندیاں روز کا معمول بن گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز کو کشمیریوں کے قتل عام اور انکے حقوق کو پامال کرنے کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔ ادھر حریت رہنماؤں ظفر اکبر بٹ ،جاوید احمد میر اورغلام محمد خان سوپوری نے بھی ترال،ہندواڑہ اورکپواڑہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے نوجوانوں کوزبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔انہوں نے شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔ متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے بھی ایک بیان میں ترال ، زکورہ ، حاجن اور ماگام ہندواڑہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حال ہی میں شہید ہونیوالے نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری شہداء کا مقدس لہو ایک دن ضرور رنگ لا ئیگا اور کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کوکمزور کرنے میں ناکامی کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہو گیا ہے اور اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے