خبرنامہ کشمیر

حریت رہنماؤں کی تہاڑ جیل میں کشمیری نظربندوں پر تشدد کی مذمت

بھارت کو کشمیر

حریت رہنماؤں کی تہاڑ جیل میں کشمیری نظربندوں پر تشدد کی مذمت
سرینگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں کشمیری سیاسی نظربندوں پر تشدد کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء محمد یوسف نقاش نے ایک بیان میں نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں حکام کی طرف سے سید صلاح الدین کے بیٹے شاہد یوسف سمیت کشمیری نظربندوں کے ساتھ روا رکھے جانیوالے امتیازی سلوک اور ان پر تشدد کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اور جموں کی جیلوں میں کشمیری نظربندوں کے ساتھ روا رکھے جانیوالا امتیازی سلوک اور نظربندوں کی ابتر حالت زار تشویشناک ہے ۔ دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی جیلوں میں کشمیری سیاسی قیدیوں پر وحشیانہ تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جیلوں میں کشمیری نظربندوں کے ساتھ بدنام زمانہ ابو غریب جیل سے بھی بدتر سلوک کیا جارہا ہے۔انہوں نے تہاڑ جیل میں شاہد یوسف سمیت 18نظربندوں پر جیل حکام کی طرف سے تشدد پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ شاہد کو سید صلاح الدین کا بیٹا ہونے کی سزا دی جارہی ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء بلال احمد صدیقی نے ایک بیان میں تہاڑ جیل میں شاہد یوسف سمیت کشمیری نظربندوں پر تشددکو مجرمانہ اور قابل مذمت اقدام قررادیتے ہوئے کہاکہ ان ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیاجاسکتا۔کشمیرہائی کورٹ با رایسوسی ایشن نے بھی سرینگر میں جاری ایک بیان میں تہاڑ جیل میں کشمیری نظربندوں پر وحشیانہ تشدد کی شدید مذمت کی ہے ۔ بار نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زوردیا کہ وہ کشمیری نظربندوں کی حالت زار اور ان کے ساتھ روا رکھے جانیوالے سلوک کا خود جائزہ لینے کیلئے تہاڑ جیل کا دورہ کریں۔ بیان میں کہاگیا کہ کشمیری نظربندوں کو مناسب خوراک اور علاج معالجے سے محروم رکھنے کے علاوہ شدید سردموسم میں زمین پر سونے پر مجبور کیا جاتا ہے جوکہ جیل قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔ بڈگام کی سول سوسائٹی نے ایک بیان میں شاہد یوسف پر بہیمانہ قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس میں ملو ث پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ بیان میں انتظامیہ پر زوردیا گیا ہے کہ شاہد یوسف کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اسے فوری طورپر سرینگر سینٹرل جیل منتقل کیاجانا چاہیے ۔