خبرنامہ کشمیر

حریت رہنماؤں کی جیلوں اور گھروں میں غیر قانونی نظربندی کی مذمت

نہتے عوام پر بندوقوں

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق ، محمد یاسین ملک ، نعیم احمدخان ، محمد اشرف صحرائی اور دیگر کی گھروں اور جیلوں میں نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کٹھ پتلی انتظامیہ کا ذہنی خلجان قراردیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیا کہ انتظامیہ نے کشمیری نظربندوں کی حالت زار کے بارے میں سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت کی کال پر پر امن احتجاجی دھرنے اور سیمینار کو ناکام بنانے کیلئے گزشتہ روز لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کے گھر پر چھاپہ مار ااورانہیں گرفتار کر کے سرینگر سینٹرل جیل منتقل کردیا جبکہ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر ، نعیم احمدخان ، تحریک حریت کے جنرل سیکریٹری محمد اشرف صحرائی اور محمد اشرف لایا کو گھر وں میں نظربند کردیا۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر آزادی پسند رہنماؤں کو مختلف حیلوں بہانوں سے گھروں اور جیلوں میں نظربند کر کے انکی پر امن سیاسی سرگرمیوں پر قدغن عائد کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ سیاسی رہنماؤں اورکارکنوں کی نظربندی اور انکی پر امن سیاسی سرگرمیوں پر قدغن سے بھارت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ کے جمہوریت کے دعوے بے نقاب ہو گئے ہیں۔ ترجمان نے حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے قابض انتظامیہ آزادی پسندوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کر سکتی ۔انہوں نے جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کااعادہ کیا ۔ ترجمان نے غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنماء محمد رفیق گنائی کو انکی والدہ کی وفات کے موقع پر رہا نہ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ انتہائی سنگدلی اور بے رحمی کا مظاہرہ کررہی ہے اور اس کا رویہ انسانی اور اخلاقی اقدار کی بدترین پامالی ہے ۔ ادھر تحریک حریت جموں وکشمیر کا ایک وفد جس میں عمر عادل ڈار،رمیز راجہ ، عمر شفیع محمد اشرف لایا اور جاوید غازی بابا شامل تھے نے سرینگر میں صورہ اوردیگر ہسپتالوں میں بھارتی فورسز کے پیلٹ گن کی فائرنگ میں بینائی سے محروم ہونے والے کشمیری بچوں کی عیادت کی۔