خبرنامہ کشمیر

حریت رہنماؤں کی طرف سے نوازشریف کے خطاب کاخیرمقدم

سرینگر:(ملت+ اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71ویں اجلاس سے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کے خطاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ انہوں نے عالمی فورم پر کشمیریوں کی حالت زار اجاگر کر کے اور انکے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کی حمایت کر کے کشمیری عوام کا مورال بلند کیا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے وزیراعظم نواز شریف کے جنرل اسمبلی سے خطاب تقریر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عالمی فورم میں جموں وکشمیر کا مسئلہ بھرپور انداز میں اٹھا کر کشمیریوں کے محسن اور خیرخواہ ہونے کا حق ادا کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عالمی فورم پر کشمیریوں کی امنگوں اورخواہشات کی درست ترجمانی کی ہے اور مسئلہ کشمیر کی تاریخ اور موجودہ صورتحال سے پوری عالمی برادری کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اقوامِ متحدہ کے چارٹر پر موجود سب سے دیرینہ تنازعہ ہے اور اس تنازعے کے حل میں تاخیر کی وجہ سے کشمیر میں نہتے عوام سنگین مشکلات اور مصائب سے دوچار ہے۔سید علی گیلانی نے پاک بھارت کشیدگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا تب تک خطے پر ایک خوفناک جنگ کے بادل منڈلاتے رہیں گے۔نواز شریف کے جموں وکشمیر کو غیر فوجی علاقہ بنانے کے مطالبے کی تائید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر دنیا کاوہ واحد علاقہ جہان بڑی تعداد میں فوجی تعینات ہیں جو مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر انسانی حقو ق کی پامالیاں اور جنگی جرائم جاری رکھے ہوئے ہیں۔حریت چیئرمین نے جموں و کشمیر ’’فیکٹ فائنڈنگ مشن‘‘ بھیجنے کے نواز شریف کے مطالبے کی تائید کرتے ہوئے کہاکہ عالمی برادری کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ خود مشاہدہ کرے کہ کشمیر میں بھارتی فوج کس طرح انسانیت کا مزاق اڑا رہے ہیں۔انہوں نے مظلوم کشمیریوں کے مصائب اور مشکلات کا سنجیدہ نوٹس لیکر جرات مند موقف اختیار کرنے پر چین کا بھی شکریہ ادا کیا۔جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے محمد نواز شریف کے خطاب کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا تک پہنچانے کیلئے اپنی کوششوں جاری رکھیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اقوم عالم نواز شریف کی تجاویزپر غور کرکے اس دیرینہ تنازعہ کے حل پر اپنی توجہ مبذول کریگی ۔انہوں نے اقوام عالم سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں جاری ظلم و تشدد ، گرفتاریوں ، قتل عام اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا سخت نوٹس لے ۔ یاسین ملک نے کہاکہ نواز شریف نے جنرل اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران کشمیریوں کی تحریک آزادی کو ’اپنی تحریک ‘ قرار دیکر دنیا کو اس حقیقت سے روشناس کرایا جو انتہائی خوش آئند اقدام ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی مستقبل میں بھی پاکستان مظلوم کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔حریت رہنماء نعیم احمدخان ، متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین، تحریک مزاحمت چیئرمین بلال صدیقی ،لبریشن فرنٹ ( آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو ،تحریک کشمیر صدر جنرل محمد موسیٰ ، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے وائس چیئرمین محمود احمد ساغر،پیروان ولایت کے سربراہ مولانا شبیر احمد قمی،ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن اور کشمیر فریڈم فرنٹ نے اپنے الگ الگ بیانات میں نواز شریف کے خطاب کا خیرمقدم کرتے کہاکہ مسئلہ کشمیر کی تاریخی حیثیت اور یہاں کی موجودہ صورتحال کو جس طرح بھر انداز سے پاکستانی وزیراعظم نے پیش کیا وہ حوصلہ افزاء ہے۔انہوں نے نواز شریف کے خطاب کو کشمیر ی عوام کے دلوں کی آواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے جس انداز میں جموں وکشمیر کی صورتحال کی عکاسی کی ہے ،وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے عوام اور حکمران ہمارے محسن ہیں۔