خبرنامہ کشمیر

حریت رہنما جاویداحمد میرکی شبیر شاہ سے تھانے میں ملاقات

سری نگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماء جا وید احمد میر نے را ج با غ پولیس تھانے میں غیرقانونی طورپر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ سے ملاقات کی اور انکی عیادت کی ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انتظامیہ نے شبیر احمد شاہ کورواں سال جولائی میں مجاہد کمانڈر برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد شروع ہونیوالے انتفادہ کے دوران پولیس اسٹیشن میں نظربند کردیا تھا۔ ملاقات کے بعد جا وید احمد میر نے شبیر شاہ کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ دہرایا۔انہوں نے شبیر احمد شاہ کی ناساز صحت کے حوالے سے کہا کہ یہ ظلم و ستم کی انتہا ہے اورمسلسل قیدو بند کی زندگی کے دوران ان کی صحت تیزی سے گررہی ہے۔ حریت رہنماء نے جیلوں میں عرصہ دراز سے نظربند حریت رہنماؤں محمد قاسم فکتو، غلام محمد بٹ، محمدصد یق گنائی، مظفر احمدڈار اور مسرت عالم بٹ کے علاوہ دیگر گرفتار کشمیری نوجوانوں کی بھی رہائی پر زوردیا ۔ انھوں نے تمام نظربندوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کامطالبہ کرتے ہوئے افسوس ظاہر کیاکہ عدالتیں جن نظربندوں کی رہائی کے احکامات جاری کرتی ہیں ،پولیس انہیں دوبارہ فرضی اورجھوٹے مقدمات میں ملوث کر کے پھرگرفتار کرلیتی ہے ۔