خبرنامہ کشمیر

حریت رہنما مسرت عالم بٹ کے ریمانڈ میں توسیع

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں سوپور کی ایک عدالت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند سینئر رہنماء مسرت عالم بٹ کے ریمانڈ میں آج بدھ تک توسیع کردی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حال ہی میں ہائی کورٹ نے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مسرت عالم بٹ کی غیر قانونی نظربندی کالعدم قراردیتے ہوئے انکی رہائی کے احکامات جاری کئے تھے تاہم پولیس نے انہیں رہائی کے فورابعد ایک اور جھوٹے مقدمے میں گرفتار کرلیاتھا ۔ انہیں گزشتہ روز سوپور کی عدالت میں ریمانڈ کیلئے پیش کیاگیا جہاں عدالت نے انہیں18جنوری تک ریمانڈپر پولیس کے حوالے کردیا ۔ یاد رہے کہ گزشتہ مہینے کے آخری ہفتے میں کشمیر ہائی کورٹ کے جج مظفر عطار نے مسرت عالم بٹ پر عائد 34 ویں کالے قانون پی ایس اے کو کالعدم قراردیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کے احکامات جاری کئے تھے تاہم پولیس نے انہیں ہارون پولیس اسٹیشن میں ان کے خلاف درج ایک اور جھوٹے مقدمے میں دوبارہ گرفتار کر کے سب رجسٹرار کی عدالت میں پیش کر کے نو روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا تھا۔