خبرنامہ کشمیر

حریت رہنما میر واعظ کی دوبارہ سے گھر میں نظر بندی کی مذمت

حریت رہنما میر واعظ کی دوبارہ سے گھر میں نظر بندی کی مذمت

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم نے اپنے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کو ایک مرتبہ پھر گھر میں نظر بند کرنے اور انہیں سرینگر کے علاقے خانیار میں ایک دینی مجلس سے خطاب سے روکنے کے کٹھ پتلی انتظامیہ کے اقدا م کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت فورم کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں کہاکہ قابض انتظامیہ کشمیریوں کے دینی معاملات میں براہ راست مداخلت کر کے ان کے جذبات کو سخت ٹھیس پہنچا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میر واعظ کو دس روز کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی سے رہائی کے محض ایک دن بعد جمعرات کو دوبارہ سے گھر میں نظر کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کے عرس مبارک کے سلسلے میں میر واعظ گزشتہ کئی برس سے خانیار میں واقع دستگیر صاحب کی زیارت پر منعقدہ مجلس سے خطاب کرتے آئے ہیں لیکن اس مرتبہ انہیں گھر میں نظر بند کر کے یہاں خطاب سے روک دیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ میر واعظ کو بار بار گھر میں نظر بند کرنا محض ایک سیاسی انتقامی کارروائی ہے اور یہ اقدام انتظامیہ کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ نے اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں کا سلسلہ بند نہ کیا تو لوگ سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہونگے۔