خبرنامہ کشمیر

حریت رہنما یاسین ملک جے آئی سی ہمہامہ منتقل

سرینگ:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں انتظامیہ نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کوجوائنٹ انویسٹی گیشن سینٹر ہمہامہ اور حریت رہنماؤں ایاز اکبر اور نور محمد کلوال کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جموں کی کوٹ بھلوال جیل منتقل کردیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک، جنہیں حریت رہنماؤں ایاز اکبر اور نور محمد کلوال کے ہمراہ ہمہامہ پولیس اسٹیشن میں نظربند رکھا گیا تھا کو جے آئی سی ہمہامہ منتقل کردیا گیاہے جبکہ ایاز اکبر اور نور محمد کلوال پرکالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے انہیں جموں کی کوٹ بھلوال جیل منتقل کیا گیاہے۔دونوں رہنماء گزشتہ دو ماہ سے غیر قانونی طورپر نظربند ہیں۔ ادھر جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں یاسین ملک کی مسلسل نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یاسین ملک کو 8جولائی کو حزب المجاہدین کے مجاہد کمانڈر برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے روزگرفتار کیاگیا تھا تب سے اب تک وہ مسلسل نظربند ہیں ۔انہوں نے کہاکہ انہیں پہلے کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن میں تین ہفتے تک رکھا گیا جہاں سے انہیں سرینگر سنٹرل جیل منتقل کیاگیا جہاں سے انہیں ہمہامہ منتقل کیاگیا تھا ۔