خبرنامہ کشمیر

حریت رہنما یاسین ملک کی پارٹی اراکین پر تشدد اور ہراساں کرنے کی مذمت

حریت رہنما یاسین ملک کی پارٹی اراکین پر تشدد اور ہراساں کرنے کی مذمت

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چےئرمین محمد یاسین ملک نے کہاہے کہ قابض انتظامیہ نے کشمیر میں ہر قسم کی سیاسی مکانیت کو مسدود کردیا ہے یہاں تک کہ نام نہاد جمہوریت کے دعویداروں نے اب سوگ منانے اور تعزیت پرسی پر بھی پابندی عائد کررکھی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شمالی کشمیر میں بھارتی پولیس کی طرف سے پارٹی اراکین کو تشدد کا نشانہ بنانے اور انہیں ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے بڈگام میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں ایک عام شہری کو جن کا دماغی توازن درست نہیں تھا ،قتل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بھارتی فورسز کی سفاکیت کی ایک اور دلیل قرار دیا۔ انہوں نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے یکجہتی اور ہمدردی کا اظہارکیا۔ ادھرلبریشن فرنٹ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی پولیس نے فرنٹ کے رہنما مولوی ریاض احمد کو حال ہی میں گرفتار کرکے چھورو تھانے میں نظربند کررکھا ہے جبکہ ہندوارہ کی پولیس پارٹی اراکین عبدالعزیز لون، عبدالمجید شاہ اور محمد امین کو گرفتار کرنے کیلئے ان کے گھروں پر مسلسل چھاپے مار رہی ہے ۔