خبرنامہ کشمیر

حریت رہنما یوسف نقاش نے شوپیان کے زخمیوں کی عیادت کی

حریت رہنما یوسف نقاش نے شوپیان کے زخمیوں کی عیادت کی
سرینگر(ملت آن لائن)مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء اور ا سلامک پولیٹکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش شوپیان میں بھارتی فورسز کی طرف سے پیلٹ گنوں سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے زخمی ہونے ی والے افراد کی عیادت کیلئے ایس ایم ایچ ہسپتال سرینگر گئے ۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق یوسف نقاش نے شوپیان میں بھارتی فوج کے ہاتھوں دو نوجوانوں اور ایک خاتون کے بہیمانہ قتل اور درجنوں افراد کو زخمی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ فورسز نے مقبوضہ علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول قائم کر رکھا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز کی ظالمانہ کارروائیوں نے بھارت کے جمہوری ملک ہونے کے دعوؤں کو بے نقاب کر دیا ہے ۔ یوسف نقاش نے حریت رہنماؤں حکیم عبدالرشید ، مولوی بشیر عرفانی اور محمد یاسین عطائی کی گرفتاری کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ گرفتاریوں کا مقصد کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کمزور کرنا ہے ۔ انہوں نے شوپیاں کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری ایک مقدس کاز کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور شہداء کی قربانیوں کو ہر گزرائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا ۔ انہوں نے زخمیوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی ۔ اس موقع پر پارٹی رہنماء محمد ایوب ڈار، نظیر احمد بٹ اور سجاد احمد لون بھی ان کے ہمراہ تھے ۔