خبرنامہ کشمیر

حریت فورم ، ماس موومنٹ کا نظر بندوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

حریت فورم

حریت فورم ، ماس موومنٹ کا نظر بندوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

سرینگر(ملت آن لائن-) مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم اور جموں وکشمیر ماس موومنٹ نے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زارپر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں سرینگر سینٹرل جیل میں نظر بندکشمیریوں کو جموں خطبے کی جیلوں میں منتقل کرنے کی کارروائی کو سراسر انتقام سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کے واضح حکم کے باوجود نظر بندوں کو دور دراز کی جیلوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جسکا کوئی قانونی اور اخلاقی جواز نہیں ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ نذیر احمد شیخ ، محمد ایوب ڈار، محمد ایوب میر، عبدالحمید تیلی، طارق احمد ڈار کے علاوہ رئیس احمد ، شوکت احمد حکیم، عادل احمد زرگر، مومن احمد، محمد اسحاق پال ، عمران نبی وانی ، معراج الدین ، دانش ملک ، فیروز احمد، مفتی عبدالاحد ، عامر احمد وگے اور دیگر کو سینٹرل جیل سرینگر سے جموں کی جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ دریں اثنا جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے بھی ایک بیان میں کہاہے کہ نظر بندوں کوایک منصوبہ بند سازش کے تحت جموں کی جیلوں میں منتقلی کیا جا رہا ہے جسکا مقصد انہیں اپنے عزیز و اقارب سے دور رکھنا ہے ۔