خبرنامہ کشمیر

حریت فورم کا شہید ہونیوالے نوجوانوں اور خاتون کو خراج عقیدت

نہتے عوام پر بندوقوں

حریت فورم کا شہید ہونیوالے نوجوانوں اور خاتون کو خراج عقیدت
سرینگر(ملت آن لائن)مقبوضہ کشمیرمیر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے شوپیاں کے علاقے وانپورہ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے یوالے دونوجوانوں اور خاتون کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری بیان میں شوپیاں میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران دونوجوانوں اور پر امن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے روبینہ جان کے قتل کو فورسز کے ظلم و بربریت اور جارحیت کی بدترین مثال قراردیا ۔انہوں نے گزشتہ ہفتے کے دوران کئی عام شہریوں آصف اقبال ، مصرہ بانو،تنویر احمد بٹ اور روبینہ جان کی شہادت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی حکومت ایک منظم سازش کے تحت کشمیریوں کی نسل کشیُ میں مصروف ہے ۔انہوں نے واضح کیاکہ کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری ہے اور فوجی طاقت کے بل پر تحریک آزادی کو دبانا ممکن نہیں ۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے طول وعرض میں جاری قتل وغارت گری اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں ، اقوام متحدہ ، ایمنسٹی انٹرنیشنل ، ایشیا واچ اور عالمی ریڈ کراس سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔ ترجمان نے فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کی دوبارہ اور حریت چیئرمین سیدعلی گیلانی کی گھر میں مسلسل نظربندی اور حریت رہنماء مختار وازہ کو صدر تھانہ اسلام آباد میں نظربند کرنے اور سرینگر کے بیشتر علاقوں میں کرفیو اور پابندیوں کے نفاذ کی مذمت کی ۔ انہوں نے ترال قصبے میں چھاپوں کے دوران نوجوانوں کی گرفتاری بھی افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ان روایتی ہتھکنڈوں سے نہ تو حریت قیادت کے جذبہ حریت کو کمزور کیاجاسکتا ہے اور نہ ہی تحریک آزادی کے ساتھ انکی وابستگی کو کمزور کیا جاسکتا ہے۔ادھر جموں و کشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد عبد اللہ طاری نے ایک بیان میں شوپیاں میں شہید ہونیوالے نوجوانوں اور خاتون روبینہ جان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کا قتل عام روز کا معمول بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قابض انتظامیہ کشمیریوں کو خوف زدہ اور ہراساں کر کے ان کے جذبہ حریت کو کمزور کرنا چاہتی ہے ۔غیر قانونی طورپرنظربند حریت رہنماء غلام محمد خان سوپوری نے بھی ایک بیان میں کپواڑہ ، ہندواڑہ اور شوپیان میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونیوالے نوجوانوں اور خواتین کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔