خبرنامہ کشمیر

حریت فورم کا مسئلہ کشمیر کو بامعنی مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور

حریت فورم کا مسئلہ کشمیر کو بامعنی مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم کے سرینگرمیں ایگزیکٹو کونسل کا غیر معمولی اجلاس میں دیرینہ مسئلہ کو تنازعے کے تمام فریقین پر مشتمل بامعنی مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زوردیاگیاہے تاکہ جنوبی ایشیاء میں جاری کشیدگی کو کم کیاجاسکے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اجلاس کی صدارت میر واعظ عمر فاروق نے کی ۔ اجلا س میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ انسانی اقدار کی بقاء اور جنوبی ایشیا کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے دونوں ہمسایہ ممالک کو مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کیلئے بامعنی مذاکراتی عمل شروع کرکے اس خطے کو درپیش غیر یقینی سیاسی صورتحال سے نجات دلانی چاہیے ۔ اجلاس میں جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال پر غور و خوص کیاگیا اور کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے نہتے کشمیری عوام کیخلاف روا رکھی جارہے ظلم وتشدد ، پکڑ دھکڑ ، گرفتاریاں اور دیگر مظالم کی آمرانہ پالسیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ظلم وجبر کے ہتھکنڈوں سے نہ تو ماضی میں حریت قیادت اور کشمیری حریت پسند عوام کو مرعوب کیا جاسکا ہے اور نہ آئندہ اس طرح کی غیر جمہوری اور غیر انسانی پالسیوں سے حریت پسند قیادت اور عوام کو خوف زدہ کیا جاسکتا ہے۔ اجلاس میں حریت فورم کوہر سطح پر مضبوط ، فعال اور متحرک بنانے کیلئے دستور کے مطابق ایک نہایت سنجیدہ عمل کا آغازکرنے پر غور وخوض اورکہا گیاکہ کشمیری عوام کی خواہشات کی ترجمان اس اجتماعی نظم کی ہر صورت میں حفاظت کی جائے گی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ حریت کانفرنس کا مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے موقف نہ صرف تاریخی اعتبار سے حق و انصاف پر مبنی ہے بلکہ اس پورے خطے میں موجود سیاسی صورتحال کے تقاضوں کے عین مطابق بھی ہے۔اجلاس میں فورم کے چیئرمین میرواعظ کی بار بار گھر میں نظربندی اوران کی جملہ سرگرمیوں پر پابندیوں کی بھی شدید مذمت کی گئی ۔ اجلاس میں حریت رہنماء مولانا مسرور عباس انصاری جو حال ہی میں ایک پیچیدہ جراحی سے گذرے ہیں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی ۔فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فورسز کی طرف بڈگام میں ذہنی طورپر معذورکشمیری کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں بے لگام بھارتی فورسز نہتے کشمیریوں کا قتل عام کر رہے ہیں ۔