خبرنامہ کشمیر

حریت قیادت نے آئندہ ہفتے کے لیے احتجاجی کیلنڈر جاری کردیا

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین سید علی گیلانی، میر واعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے آئندہ ہفتے کے لیے نیا احتجاجی کیلنڈر جاری کردیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق احتجاجی پروگرام کے تحت (آج ) نماز جمعہ کے بعد آزادی کے حق میں جلسے کئے جائیں گے جبکہ کل (ہفتہ کو) ٹرانسپورٹرز کی مشکلات کو مدنظررکھتے ہوئے گاڑیوں کی آمدورفت کی اجازت ہوگی تاہم انسانی حقو ق کے عالمی دن کے سلسلے میں اس دن سرینگر میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر دفتر کی طرف مارچ ہو گا اورایک یادداشت پیش کی جائے گی جس میں اس بات کو اجاگر کیا جائے گا کہ بھارت کے 7لاکھ سے زیادہ فوجیوں نے گزشتہ 70سال سے کشمیریوں کے تمام شہری، سماجی، مذہبی اور معاشی حقوق سلب کررکھے ہیں اور وہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مرتکب ہورہی ہیں۔اتوار اور پیر کو ہڑتال نہیں ہوگی اور تمام کاروباری اور تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے۔ 13دسمبر کو خواتین نماز ظہر سے عصر تک اپنے گلی محلوں میں جمع ہوکر احتجاج کریں گی اورانہوں نے پرچم ، بینر اورپلے کارڈزاٹھا رکھے ہوں گے جن پر آزادی کے حق میں نعرے درج ہوں گے تاہم اس دن وکلاء سے عدالتوں میں پیش ہونے کی استدعا کی گئی ہے۔14دسمبر کوکپواڑہ سے ترتپورہ، بارہمولہ سے شیر آباد کھور، بانڈی پورہ سے ماتری گام، بڈگام سے ایس کے پورہ، گاندربل سے وائل، سرینگر سے لسجن،پلوامہ سے قوئل، شوپیان سے میمندر، کولگام سے منزگام اور اسلام آباد سے شاہ آباد کی طرف مارچ ہوگا جبکہ نماز ظہر کے بعد مقامی طور پر مقررہ مقامات پر آزادی کے حق میں جلسے اور جلوس ہونگے۔ 15دسمبر کو مختلف دیہات میں دن گیارہ سے شام چار بجے تک ایک روزہ آزادی کنونشن منعقد کیا جائیگا ۔