خبرنامہ کشمیر

حریت قیادت نے نیا احتجاجی کیلنڈر جاری کردیا

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے نیااحتجاجی کیلنڈر جاری کیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق آزادی پسند رہنماؤں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ کی مسلسل اورپرجوش عوامی تحریک نے جدوجہد آزادی کو نہ صرف آگے بڑھایا ہے بلکہ ہمارے لئے نئے امکانات اور مواقع کھول دیے ہیں جس کی بنا پر ہم اپنی منزل کے قریب آگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تحریک مزاحمت کو آگے بڑھانے کیلئے ایسی مربوط حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے جس پر عملدرآمد کیلئے لوگوں کا بھرپور تعاون اور شرکت یقینی ہو اور انہیں کم سے کم نقصان اٹھانا پڑے۔انہوں نے کہا کہ ان مقاصد کو ذہن میں رکھ مشترکہ قیادت ہفتہ وار احتجاجی پروگراموں کے بجائے پورے سال کیلئے احتجاجی پروگرام ترتیب دینے کیلئے کام کر رہی ہے اور کوشش یہی ہے کہ سماج کے تمام طبقوں سے جن میں طلبہ ، تاجر ، ٹرانسپورٹر، اساتذہ ، وکلاء ، دانشور ، سول سوسائٹی اور قلمکار وغیرہ شامل ہیں ، مشاورت کے ساتھ ساتھ ان سے تجاویز طلب کی جائیں۔ چونکہ پوری قیادت قابض انتطامیہ کے محاصرے میں ہے اور ان کی پر امن سرگرمیوں پر نہ صرف پابندی عائد ہے بلکہ طاقت کے بل پر ان کی سرگرمیوں کو سبوتاژ کیا جارہا ہے اس لئے پروگرام ترتیب دینے میں مزید کچھ وقت لگنے کا امکان ہے۔اس دوران مزاحمتی قیادت نے اگلے چند ہفتوں کیلئے مندرجہ ذیل احتجاجی پروگرام ترتیب دیا ہے اور قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ پورے عزم کے ساتھ اس پروگرام کو کامیاب بنائیں۔پروگرام کے مطابق آج (جمعہ کو) ہڑتال ہوگی اور نماز جمعہ کے بعد مقامی طور پر مقرر کردہ مقامات پر آزادی کے حق میں جلسے اور جلوس ہونگے۔ کل (ہفتے کو) بھی مکمل ہڑتال ہوگی اور صبح سات سے شام چار بجے تک تحصیل ہیڈکوارٹرز کی طرف پیدل اور موٹر سائیکلوں پرآزادی مارچ ہوں گے۔اتوار، پیر ، منگل ، بدھ اور جمعرات کو ہڑتال نہیں ہوگی البتہ پیر کو آزادی پسند تنظیمیں تحصیل ہیڈکوارٹرز پر 2 سے4 بجے تک احتجاجی دھرنوں کا اہتمام کریں گی اور لوگوں کے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز ہوں گے جن پر بھارتی مظالم کو اجاگر کیا جائے گا۔منگل کو خواتین مقامی سطح پر نما ز ظہر سے عصر تک احتجاج کریں گی۔بدھ کو وکلاء 2 سے 4 بجے تک عدالتی احاطوں میں احتجاجی دھرنا دیں گے۔تاہم احتجاجی مظاہرے ہرروز جاری رہیں گے۔قیادت نے لوگوں کے عزم و استقلال اور تحریک مزاحمت کے لیے ہر وقت تیار رہنے کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم یہ حقیقت ذہن نشین کریں کہ من حیث القوم ہماری مشترکہ کوششیں اور قربانیاں کسی وقتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ ایک وسیع تر مقصد کیلئے ہیں ۔اسلئے ہمیں ایک طویل مدتی جدوجہد کیلئے اپنے آپ کو ذہنی طور پر آمادہ کرکے ہر دم تیار رہنا ہے اور جدوجہد اور مزاحمت کو اپنی زندگی کا ایک لازمی جز بنانا ہے۔