خبرنامہ کشمیر

حریت قیادت نے وکلاء کو جمعہ اور ہفتہ کی ہڑتال سے مستثنیٰ قرار دے دیا

سری نگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اورحریت رہنماؤں میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یاسین پرمشتمل مشترکہ حریت قیادت نے احتجاجی پروگرام میں ترمیم کرتے وکلاء کوجمعہ اور ہفتہ کے روز ہڑتال سے مستثنیٰ قرار دیاہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت قیادت کی طرف سے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ ہزاروں کی تعداد میں گرفتار شدگان کے مقدمات جمع ہونے کے پیش نظرکیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اب عدالت میں سردیوں کی چھٹیاں شروع ہونے والی ہیں جس سے ان مظلوموں کی دادرسی مشکل ہوگی اسی لئے وکلاء سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ہڑتال کے دونوں دن بھی اپنا کام جاری رکھیں اور ان مقدمات کو فوری طور پرنمٹانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔واضح رہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود کٹھ پتلی انتظامیہ بیشتر سیاسی نظربندوں کو رہانہیں کرتی اور عدالتی فیصلوں کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا جاتا ہے ۔