خبرنامہ کشمیر

حریت وفد کا شہید نوجوانوں سے اظہار یکجہتی

سرینگر : (ملت+اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں کا ایک وفد بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان رئیس احمد ڈار کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ضلع پلوامہ کے علاقے کاکہ پورہ میں انکے گھر گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وفد کی قیادت محمد مصدق عادل کر رہے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر اپنی بات چیت میں کہا کہ کشمیری نوجوان ایک عظیم مقصد کیلئے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں اور کشمیر کے آزادی پسند عوام اپنے عظیم شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ محمد مصدق عادل نے کہا کہ بھارت بے گناہ شہریوں کے قتل اور جبر و استبداد کی دیگر کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ وفد میں مصدق عادل کے علاوہ پیر غلام نبی، عبدالمجید وانی اور جعفر کشمیری شامل تھے۔