خبرنامہ کشمیر

حریت پسندوں کا قافیہ حیات تنگ کر رکھا ہے ،مسرت

سرینگر۔: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند سینئر رہنماء اور مسلم لیگ جموں و کشمیر کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے کہا ہے کہ بھارت نے جموں وکشمیر پرغیر قانونی طورپر تسلط کر کے باغیرت اور حریت پسند مسلمانوں کا قافیہ حیات تنگ کررکھا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے جو بارہمولہ جیل میں نظربند ہیں سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ حریت پسندؤں کے خلاف قابض انتظامیہ اور بھارتی فورسز نے انتقامی کاروائیوں کی ایک سیاہ تاریخ رقم کی ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل پر توجہ مرکوز کرے تاکہ علاقے میں پائیدر امن قائم ہو۔ انہوں نے جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کشمیر ہائی کورٹ نے مسرت عالم بٹ کے خلاف 34ویں کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کو کالعدم قرار دیکر انکی رہائی کا حکم جاری کیا تھا ۔تاہم قابض انتظامیہ نے انہیں جموں کی کوٹ بھلوال جیل سے رہائی کے فورابعد دوبارہ گرفتار کر کے سب جیل بارہمولہ منتقل کردیاتھا۔