خبرنامہ کشمیر

حریت کانفرنس اور دختران ملت کی آسیہ اندرابی اور فہمیدہ صوفی کی گرفتاری کی مذمت

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس اور دختران ملت نے آسیہ اندرابی اور فہمیدہ صوفی کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی پر زور دیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آسیہ اندرابی اور فہمیدہ صوفی کی گرفتاری بلاجواز اور غیر قانونی ہے اور دونوں خواتین کو بغیر کسی وجہ کے حبس بے جا میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں مارشل لاء جیسی صورتحال جاری ہے اور آئین وقانون عملاً معطل ہے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی پولیس جس کو بھی چاہتی ہے، گرفتار کرلیتی ہے ۔اس دوران دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے بھی ایک بیان میں پارٹی کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھی صوفی فہمیدہ کی گرفتاری پر انتظامیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت گرفتاریوں اور قتل عام کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کر سکتا اور جدوجہد آزادی کو ہر قیمت پر اس کے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی کی سربراہی میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے نہتے کشمیریوں پر مظالم کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔