خبرنامہ کشمیر

حریت کانفرنس کے کارکن کو نامعلوم مسلح افراد نے بڈگام میں گولی مارکرقتل کردیا

حریت کانفرنس کے کارکن کو نامعلوم مسلح افراد نے بڈگام میں گولی مار کر قتل کر دیا

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں نامعلوم مسلح افراد نے ضلع بڈگام میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے کارکن محمد یوسف ندیم کو گولی مار کر قتل کردیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع بڈگام کے گاؤں سندی پورہ کے رہائشی محمد یوسف ندیم کو نامعلوم مسلح افراد نے بیروہ کے علاقے چیرن گام میں گولی مار کر قتل کردیا۔ محمد یوسف کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی کے ساتھ وابستہ تھے۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیّد علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ضلع بڈگام میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ میں حریت کانفرنس کے کارکن محمد یوسف ندیم کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے یوسف ندیم کے قتل پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ یوسف ندیم حریت کانفرنس کی اکائی تحریک وحدت اسلامی سے منسلک تھے۔
……………………………………..
اس خبر کو بھی پڑھیے…کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف شوپیاں میں مسلسل چوتھے روز بھی مکمل ہڑتال
سرینگر، مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی پولیس کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف شوپیاں میں مسلسل چوتھے روز بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی۔ پلوامہ اور شوپیاں کے اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔ نامعلوم نوجوانوں نے مختلف مساجد کے لاؤڈ سپیکروں کے ذریعے شوپیاں میں مسلسل ہڑتال کا اعلان کیا۔ پولیس نے ضلع بھر سے متعدد نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ادھر سینکڑوں کشمیری شدید برفباری کے باوجودشوپیاں میں شہید لڑکی صائمہ وانی کے اہلخانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کے اظہار کیلئے ان کے گھر گئے۔ صائمہ وانی 24جنوری کو ضلع شوپیاں کے علاقے چائی گنڈ میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران زخمی ہو گئی تھی اور گزشتہ روز سرینگر کے ایک ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتی ہوئے جاں بحق ہو گئی تھی۔ صائمہ نے حال ہی میں بارہویں جماعت کے امتحان میں 74فیصد نمبر حاصل کئے تھے۔ فوجی کارروائی میں صائمہ کا بھائی بھی شہید ہو گیاتھا۔