خبرنامہ کشمیر

حریت کو کمزور کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے، رشید

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحادپارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے کشمیری عوام کو ذہنی اور جسمانی تشدد کانشانہ بنانے کیلئے بھارتی فورسز کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارتی فورسز نے سرینگر جموں شاہراہ پرخوف و ہرا س کا ماحول قائم کررکھا ہے اور مسافروں اور پرائیویٹ گاڑیوں کو بھارتی فوجی قافلوں کے پیچھے پیچھے چلنے پرمجبور کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ سنگم کے قریب مسافر ، پرائیویٹ اور مال بردار گاڑیوں کی بڑی تعداد کوتقریبا ایک گھنٹے کیلئے روکا گیاجس کا واحد مقصد کشمیریوں کو یہ پیغام دینا تھا کہ ان کے پاس بھارت کے سامنے جھکنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ انجینئر رشید نے کہاکہ انتظامیہ نے بابا محلہ بجبہاڑہ ،کیموہ ، کھڈونی اور دچھنی پورہ کے عوام کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کیلئے ان علاقوں میں بجلی اور پانی کی فراہمی معطل کررکھی ہے کیونکہ جاری انتفادہ کے دوران ان علاقوں کے عوام پیش پیش تھے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کو پانی اور بجلی سے محروم رکھنا یزیدیت کی بدترین مثال ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایسے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیاجا سکتا۔