خبرنامہ کشمیر

حضرت علی کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے دہشت گردی اور فرقہ واریت کیخلاف جہاد کیا جائے

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود احمد خان نے کہا ہے کہ حضرت علی تعلیمات کی ترویج سے دہشت گردی اور فرقہ واریت کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے یہ بات آج مرکزی امام حسین کونسل کے زیر اہتمام امیر المومنین حضرت علیؑ کے یوم ولادت کے سلسلے میں منعقدہ ولادت حضرت علی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر آنحضورنبی اکرمؐ اور حضرت علی المرتضیٰ کی تعلیمات کو عالمی سطح پر روشناس کیا جاتا تو آج پوری دنیا مسلمانوں کو دہشت گرد نہ سمجھتی ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علی بیک وقت علم وحکمت کا سرچشمہ اور تلوار کے دھنی تھے اور آج تک ہماری افواج کی فتح اور نصرف کا نشان نعرہ حیدری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اگر حضرت علی کی تعلیمات پر عمل کرتے رہے تو یقینی طور پر مسئلہ کشمیر حل ہوگا ۔ ممتاز سیاسی رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمدصفدر اعوان رکن قومی اسمبلی جنہوں نے کانفرنس کی صدارت کی نے کہا کہ تمام صوفیائے کرام اور اولیاء اللہ نے حضرت علی کی تعلیمات کی ترویج سے تبلیغ اسلام کا فریضہ سرانجام دیا۔ انہوں نے تجویز کی کہ پرائمری سے یونیورسٹی لیول تک حضرت علی کی تعلیمات کو شامل نصاب کیا جانا چاہیے تاکہ نئی نسل انکی شخصیت پاک اور کاناموں سے روشناس ہوسکے ۔ مرکزی امام حسین کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر غضنفر مہدی نے کہا کہ ہمارے ملک میں حضرت قائداعظم محمد علی جناح ، علامہ اقبال ، امیر خسرو اور دیگر مشاہید کی صد سالہ تقریبات منائی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح حضرت امام زین العابدین کی چودہ سوسالہ تقریبات اور خصوصی طور پر کانفرنسیں وفاقی دارلحکومت اور صوبائی سطح پر منائی جائیں ۔کانفرنس سے جمعیت علمائے اسلام سمیع الحق گروپ کے سیکرٹری اطلاعات علامہ اظہار بخاری، علامہ ظفر اقبال نعیمی ، علامہ سلیم حیدر، حارث عباس، ولایت حسین بلتی ، رقعیہ شاہ بی بی ، عابدہ باقر ، اخلاق زیدی ، ساغر عباس ہمدانی اور دیگر مذاہب کی ممتاز شخصیات نے حضرت علی کی ذات پاک کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آخر میں ایک قرارداد کے ذریعے علماء ومشائخ نے رد الفساد کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ تقریب میں ملک بھر سے علماء ومشائخ اور مختلف ادیان کی ممتاز شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔